QR CodeQR Code

ملکی تاریخ میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

8 Jul 2020 23:59

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سونے کی بڑھتی طلب کے باعث بدھ کو فی تولہ سونے قیمت دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں 6000 روپے کم رہی ہے لیکن جوں جوں سونے میں سرمایہ کاری حجم بڑھے گا اسی تناسب سے دبئی اور مقامی گولڈ مارکیٹ می قیمتوں کے درمیان فرق گھٹتا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمائے کو محفوظ بنانے کےلیے سونے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 26 ڈالر کے اضافے سے 1802 ڈالر ہوگئی جو 8 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ کورونا لاک ڈاون سے شادی بیاہ کی تقریبات معطل ہونے سے سونے کے زیورات کی خریداری میں 4 ماہ سے غیر معمولی کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام کی قیمتوں کے پرانے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، جس سے فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2400 روپے اور 2058 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جسکے نتیجے میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 8 ہزار 300 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 92850 روپے ہوگئی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سونے کی بڑھتی طلب کے باعث بدھ کو فی تولہ سونے قیمت دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں 6000 روپے کم رہی ہے لیکن جوں جوں سونے میں سرمایہ کاری حجم بڑھے گا اسی تناسب سے دبئی اور مقامی گولڈ مارکیٹ می قیمتوں کے درمیان فرق گھٹتا جائے گا۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 10 روپے بڑھکر 1060 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 8 روپے 58 پیسے بڑھ کر 908 روپے 78 پیسے کی سطح پرآگئی ہے۔ ایشیائی خطے کی نسبت پاکستان میں سونے کی کم قیمت سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش سرمایہ کاری کی راہ کھول دی ہے لیکن خالص سونے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے خدشہ ہے کہ پاکستانی مارکیٹوں سے خریدا جانے والا سونا افغانستان ایران اسمگل کیا جارہا ہے۔ بلین مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر شرح سود میں کمی اور مقامی سطح پر ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے اپنی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کے لیے خالص سونے میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھتا جارہا ہے جو سونے کی عالمی مقامی قیمتوں کو تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچانے کا باعث بن گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 873319

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873319/ملکی-تاریخ-میں-سونے-کی-قیمت-نئی-بلند-ترین-سطح-پر-پہنچ-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org