0
Thursday 9 Jul 2020 00:13

طالبان کا پولیس ہیڈکوارٹر پر خودکُش حملہ، کارروائیوں میں 6 افغان اہلکار جاں بحق

طالبان کا پولیس ہیڈکوارٹر پر خودکُش حملہ، کارروائیوں میں 6 افغان اہلکار جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں پولیس ہیڈکوارٹر اور قندھار کے گورنر کی رہائشی عمارت پر طالبان کے خودکُش بم دھماکے جب کہ غزنی میں کی گئی کارروائی میں مجموعی طور پر 6 افغان سیکیورٹی اہل کار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گورنر قندھار کے ترجمان باہر احمد احمدی نے بتایا کہ بدھ کو علی لاصبح 4 بجے طالبان حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھرا ایک فوجی ٹرک گورنر ہاؤس اور افغان پولیس کے ہیڈکوارٹر تک لے جانے کی کوشش کی اور سیکیورٹی اہل کاروں کی جانب سے فائرنگ کرکے روکنے کی کوشش کے بعد خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ قندھار کے ضلع شاولی میں پیش آنے والے اس واقعے میں تین افغان سیکیورٹی اہل کار ہلاک اور 14 شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ پولیس ہیڈ کوارٹر اور گورنر کی رہائشی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبے غزنی میں چوکیوں کا جائزہ لینے کے لیے نکلنے والے ضلعی پولیس کے سربراہ وحید اللہ ایک حملے میں اپنے دو محافظوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ طالبان باضابطہ طور پر ان دونوں کارروائیوں کی ذمے داری قبول کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ فروری میں طالبان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں امریکی مرحلہ وار افغانستان سے اپنی فوج واپس بلانے کا وعدہ کرچکا ہے جب کہ دوسری جانب طالبان نے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سفارت کار حلقوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایسے حملوں سے افغان حکومت سے ان کے تعلقات میں کشیدگی اور بے اعتمادی بڑھے گی۔ طالبان کی جانب سے افغانستان میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں زیادہ تر افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 873320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش