QR CodeQR Code

ملک میں کورونا وائرس کا گراف نیچے آنا تسلی بخش ہے، وزیر اعظم

9 Jul 2020 00:38

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کورونا کی ملکی و علاقائی صورت حال، اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے مثبت نتائج، ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے درکار سہولتوں سے آراستہ بیڈز میں اضافے اور خصوصاً عید الضحیٰ اور محرم میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ امر تسلی بخش ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے وہاں ہمیں اس کی روک تھام کے لیے اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا۔ عیدالضحیٰ کے حوالے سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گذشتہ عید کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے عیدا لاضحی کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کورونا کی ملکی و علاقائی صورت حال، اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے مثبت نتائج، ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے درکار سہولتوں سے آراستہ بیڈز میں اضافے اور خصوصاً عید الضحیٰ اور محرم میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 30 شہروں میں 227 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کے تجربات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مکمل لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے جہاں مطلوبہ نتائج میسر نہیں آئے وہیں معاشی مجبوریوں کی وجہ سے لاک ڈاؤن اٹھانے کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ  اور اموات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی نہایت موثر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 873322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873322/ملک-میں-کورونا-وائرس-کا-گراف-نیچے-ا-نا-تسلی-بخش-ہے-وزیر-اعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org