QR CodeQR Code

حکومت سندھ کی جاری کردہ جے آئی ٹی رپورٹس ہی اصلی ہیں، نبیل گبول

9 Jul 2020 01:43

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی پی نے کہا کہ علی زیدی وفاقی وزیر ہونے کے باوجود میرے کندھے پر بندوق رکھ کر چلانا چاہتے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ قومی اسمبلی میں اپنے غیر سنجیدہ بیان کے بعد خود پھنس گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کا کہنا ہے کہ انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹس کو نقلی نہیں کہا بلکہ یہ کہا تھا کہ عذیر بلوچ نے جو جرائم کئے ان میں سے کئی اس رپورٹ میں شامل نہیں ہیں جبکہ حکومت سندھ کی جاری کردہ رپورٹس ہی اصلی ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ علی زیدی وفاقی وزیر ہونے کے باوجود میرے کندھے پر بندوق رکھ کر چلانا چاہتے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ قومی اسمبلی میں اپنے غیر سنجیدہ بیان کے بعد خود پھنس گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علی زیدی نے کل ایک شو میں کہا کہ میرے لئے موٹرسائیکل سوار کوئی لفافہ چھوڑ گیا تھا جس میں دو جے آئی ٹی رپورٹس تھیں جو مجھے 2017ء میں ملی تھیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسی رات میرے گھر پر بھی کوئی موٹرسائیکل سوار ایک خاکی رنگ کا لفافہ چھوڑ گیا تھا جس کے اندر سے پیار بھرا خط نکلا جس پر علی زیدی کا نام لکھا تھا، غلطی سے میرا لفافہ علی زیدی کے پاس پہنچ گیا اور علی زیدی کا لفافہ میرے پاس آگیا۔

نبیل گبول نے جے آئی ٹی کے حوالے سے خود سے منسوب بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جے آئی ٹی کو نقلی نہیں کہا بلکہ یہ کہا تھا کہ عذیر بلوچ نے جو جرائم کئے ان میں سے کئی اس رپورٹ میں شامل نہیں ہیں۔ رہنما پیپلز پارٹی نے 2016ء کے اپنے ایک انٹرویو کے حوالے سے کہا کہ اس وقت 3 جے آئی ٹیز بنی تھیں جن کے باعث اداروں کے درمیان تناؤ تھا جبکہ ایک جے آئی ٹی رپورٹ پر تو کسی کے دستخط نہیں تھے۔ انہوں نے حکومت سندھ کی جاری کردہ جے آئی ٹی رپورٹس کے اصلی یا نقلی ہونے سے متعلق کہا کہ علی زیدی خود وفاقی وزیر ہیں، انہیں چاہیئے کہ وہ ان اداروں سے پوچھیں کہ ان وفاقی اداروں کے افسران نے دو الگ الگ رپورٹس پر دستخط کیسے کئے، اس سے سب واضح ہوجائے گا جبکہ اصلی اس رپورٹ کو مانا جائے گا جس میں ٹیم کے تمام اراکین کے دستخط ہیں۔

علی زیدی کی جانب سے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کو ہیرو کہنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا نے ہی پیپلز امن کمیٹی بنائی، انہوں نے ہی عذیر بلوچ کے کہنے پر لیاری کے چاروں ایس ایچ اوز اور ایس پی کو تبدیل کیا، عذیر کو اپنا بچہ کہا لیکن چونکہ ذوالفقار مرزا کی اہلیہ وفاقی وزیر ہیں اور حکومت کی اتحادی جی ڈی اے کا حصہ ہیں اس لئے علی زیدی انہیں ناراض نہ کرنے کے لئے ذوالفقار مرزا کو ہیرو کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی کو چاہیئے کہ اگر ذوالفقار مرزا ہیرو ہیں تو ان تمام مجرمان کو بھی ہیرو بنالیں جن کا جے آئی ٹی رپورٹ میں ذکر ہے۔ نبیل گبول نے کہا کہ علی زیدی اپنا کیس ہار چکے ہیں اور بہتر ہے کہ وہ اب خاموش ہوجائیں اور عوام کے مسائل کے حل کی جانب توجہ دیں۔


خبر کا کوڈ: 873326

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873326/حکومت-سندھ-کی-جاری-کردہ-جے-آئی-ٹی-رپورٹس-ہی-اصلی-ہیں-نبیل-گبول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org