QR CodeQR Code

ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگ لی

9 Jul 2020 01:55

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اگر آفاق احمد ایم کیو ایم پاکستان میں آنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، شہر کی بہتری کے لئے کام کرنے والی دیگر جماعتیں اور شخصیات بھی اگر ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کرنا چاہیں تو ان کے لئے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایم کیو ایم میں شامل ہونا چاہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان  کے رہنما کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے پہلے جو دوستوں سے گفتگو کی وہ ریکارڈ ہوگئی، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر آفاق احمد سے معذرت کرتا ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر آفاق احمد ایم کیو ایم پاکستان میں آنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، شہر کی بہتری کے لئے کام کرنے والی دیگر جماعتیں اور شخصیات بھی اگر ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کرنا چاہیں تو ان کے لئے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد پالیسیاں تبدیل ہوئیں، اب ہم سیاسی اختلاف کے باوجود بھی مخالفین سے ملاقاتیں کرتے ہیں، سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر ہم کسی کے ساتھ سیاسی انتشار نہیں چاہتے۔ عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی سے بھی ہونے والے اختلافات کو دشمنی کی صورت تبدیل نہیں کرسکتے، کراچی کیلئے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ مغرب کی نماز کے بعد جیل بیرک کے دروازے بند ہوجاتے ہیں، رات 10 بجے جیل بیرک کا دروازہ کھلے تو اگلے دن سب قیدیوں کو وجہ معلوم ہوجاتی ہے، میں ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی پیسے کی لین دین کا عینی شاہد تو نہیں ہوں لیکن جیل میں موجود لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان پیسوں کا لین دین ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جیل میں لوگوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا آئے اور انہوں نے آفاق احمد سے ملاقات کی، میرے علم میں ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی ایک بار ملاقات ہوئی جبکہ جیل سے ملنے والی معلومات کے مطابق دونوں کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کی جے آئی ٹی ریلیز کی جس میں ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے ایم کیو ایم سے مقابلہ کرنے کے لئے آفاق احمد کی مالی معاونت کی اور جیل میں جاکر ملاقاتیں کیں۔ ایک روز قبل ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے قبل عامر خان میئر کراچی اور رکن سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل سے آف ریکارڈ گفتگو  کررہے تھے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ خود ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی ملاقاتوں اور پیسوں کی لین دین کے گواہ ہیں۔


خبر کا کوڈ: 873328

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873328/ایم-کیو-رہنما-عامر-خان-نے-ا-فاق-احمد-سے-معافی-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org