QR CodeQR Code

کنٹرول لائن کے دونوں جانب شہید برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی منائی گئی

9 Jul 2020 11:01

مظفرآباد میں پاسبان حریت کی کال پر بڑی تعداد میں نوجوان شہدائے کشمیر کی تصویر والی شرٹس پہن کر آزادی چوک میں اکٹھے ہوئے اور برہان مظفروانی اور آزادی کی راہ میں شہید ہونے والے شہداء کو باقاعدہ سلامی پیش کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ کشمیر میں کنٹرول لائن کے دونوں جانب شہید برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، اس موقع پر آزادکشمیر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کیے گئے۔ صبح کا آغاز دارالحکومت مظفرآباد کے آزادی چوک میں برہان مظفر وانی کو سلامی سے ہوا۔ پاسبان حریت کی کال پر بڑی تعداد میں نوجوان شہدائے کشمیر کی تصویر والی شرٹس پہن کر آزادی چوک میں اکٹھے ہوئے اور برہان مظفروانی اور آزادی کی راہ میں شہید ہونے والے شہداء کو باقاعدہ سلامی پیش کی گئی۔ آزادکشمیر اور پاکستان کے پرچم لہرائے گئے اور قومی ترانوں کی گونج میں نوجوانوں نے مکمل آزادی تک جد وجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا، دن بھر ریلیاں اور تقریبات منقعد ہوتی رہی۔

جماعت اسلامی کے زیراہتمام عیدگاہ روڈ سے اپر اڈا لال چوک تک ریلی نکالی گئی۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما سیف اللّٰہ خالد نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 12 لاکھ شر ناتھیوں کو ریاست میں آباد کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد ریاست میں غیر ملکیوں کو ڈومیسائل جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ راولاکوٹ میں بھی برہان وانی کی شہادت کے چار سال مکمل ہونے پر اسلامی جمعیت طلباء کے زیراہتمام ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس ریلی میں بھی بڑی تعداد میں کشمیری نوجوان شہدا کی تصاویر والی شرٹس پہن کر کچہری چوک میں آ گئے۔ برہان وانی کی تصویر کے ساتھ کشمیر کے جھنڈے اٹھائے نوجوانوں نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کھوئی رٹہ میں بھی برہان وانی کی یوم شہادت کی تقریب منعقد کی گئی۔ پریس کلب کھوئی رٹہ میں منعقد کی گئی اس ریلی میں برہان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 873371

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873371/کنٹرول-لائن-کے-دونوں-جانب-شہید-برہان-مظفر-وانی-کی-چوتھی-برسی-منائی-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org