QR CodeQR Code

جی بی الیکشن کے حوالے سے جے یو آئی کا اہم اجلاس، انتخابی امیدواروں پر غور

9 Jul 2020 14:49

اجلاس میں جی بی کے مختلف اضلاع سے انتخابی امیدواران پر غور و خوض کے بعد ضلعی جماعتوں کو ہدایات جاری کی گئیں اور اجلاس میں متفقہ طور پر قرار دیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان سطح پر مضبوط مذہبی، سیاسی جماعت ہے، جو مولانا فضل الرحمان کی ولولہ انگیز قیادت میں دینی تشخص کے تحفظ میں کوشاں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جی بی الیکشن 2020ء کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام جی بی کی مجلس عاملہ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی امیر جے یو آئی جی بی مولانا عطاء اللہ شہاب نے کی۔ اجلاس میں جی بی کے مختلف اضلاع سے انتخابی امیدواران پر غور و خوض کے بعد ضلعی جماعتوں کو ہدایات جاری کی گئیں اور اجلاس میں متفقہ طور پر قرار دیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان سطح پر مضبوط مذہبی، سیاسی جماعت ہے، جو مولانا فضل الرحمان کی ولولہ انگیز قیادت میں دینی تشخص کے تحفظ میں کوشاں ہے، جمعیت علمائے اسلام ماضی کی طرح الیکشن 2020ء میں بھی گلگت بلتستان کے عوام کو باصلاحیت، باکردار اور سنجیدہ قیادت کے ذریعے ترکی کی طرح اسلامائزیشن اور علاقے کے مثبت پہلوئوں کو اجاگر کرے گی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکموت نے جس طرح پاکستان کی دینی قوتوں کو نقصان پہنچایا اور ساتھ ہی پاکستان کی معیشت کا بھی جنازہ نکال دیا، اسی طرح نااہل اور ناجائز حکومت کے مضر اثرات سے گلگت بلتستان کو بچانے کیلئے پی ٹی آئی کے اسلام بیزار اور ملت آزاد منشور سے اہلیان گلگت بلتستان کو محفوظ رکھنے کیلئے اسمبلی اور ہر فورم پر مہذب انداز میں اپنی آواز اٹھاتی رہے گی اور محب وطن گلگتی و بلتی قوم کو پی ٹی آئی کے زہریلے اثرات سے بچانے کیلئے دامے، درمے اور سخنے ہر محاذ پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہو گی۔ مجلس عاملہ کے اراکین نے اس امر کا اظہار کیا کہ محب وطن جی بی کی عوام جے یو آئی کی سنجیدہ سیاست و قیادت کو الیکشن 2020ء میں مایوس نہیں کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 873400

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873400/جی-بی-الیکشن-کے-حوالے-سے-جے-یو-ا-ئی-کا-اہم-اجلاس-انتخابی-امیدواروں-پر-غور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org