QR CodeQR Code

کانپور سانحہ نے بی جے پی حکومت کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کیا ہے، اکھلیش یادو

9 Jul 2020 20:42

ریاست اترپردیش کے سابق وزیراعلی نے کہا کہ کانپور سانحہ نے محکمہ پولیس کے خفیہ دستے کی بھی پول کھول دی ہے۔ پہلے ایک بہیمانہ واردات اور پھر اس کے بعد ملزم کو جس طرح سے تعاون ملا وہ جگ ظاہر ہے کہ ریاست کے نظم و نسق کا کیا حال ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ کانپور سانحہ نے اترپردیش کی بی جے پی حکومت کا چوغہ اور مکھوٹا اتار کر اس کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔ اکھلیش یادو نے ایک بیان میں کہا کہ جب جرائم پیشہ افراد تھانہ چلائیں گے اور پولیس اہلکار مجرمین کے گھر سلامی دینے جائیں گے تو نظم و نسق نام کی کوئی چیز تو نہیں رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سیاست صحتمند نہیں ہے، وہ جھوٹ پھیلانے کی مشین ہے۔

ریاست اترپردیش کے سابق وزیراعلی نے کہا کہ کانپور سانحہ نے محکمہ پولیس کے خفیہ دستے کی بھی پول کھول دی ہے۔ پہلے ایک بہیمانہ واردات اور پھر اس کے بعد ملزم کو جس طرح سے تعاون ملا وہ جگ ظاہر ہے کہ ریاست کے نظم و نسق کا کیا حال ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کلیدی ملزم کی اجین میں جس طرح سے گرفتاری دکھائی گئی ہے وہ ایک منظم سازش کا حصہ ہے۔

انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ چار ریاستوں کی سرحدیں عبور کر کے لاک ڈوان کے دوران سیکورٹی کے انتظام کو ناکافی بتاتے ہوئے شاطر بدمعاش چھ دنوں تک پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکتا رہا، اس کے پیچھے بھی مافیا، پولیس اور اقتدار کا خفیہ تال میل رہا ہوگا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اقتدار کا غلط استعمال کرکے بی جے پی حکومت کو جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 873479

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873479/کانپور-سانحہ-نے-بی-جے-پی-حکومت-کے-حقیقی-چہرے-کو-بے-نقاب-کیا-ہے-اکھلیش-یادو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org