QR CodeQR Code

بلدیاتی انتخابات میں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، کارکنان تیاریاں تیز کردیں، چوہدری فیاض وڑائچ

9 Jul 2020 22:23

​​​​​​​عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر کا آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضلعی نگران ہر سطح کی تنظیم سازی مکمل کرنے کیلئے بھرپور محنت کریں، پاکستان عوامی تحریک ہی امید کی واحد کرن ہے، کارکن گھر گھر پیغام پہنچانے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ عوام سیاسی پارٹیوں کے خوشنما وعدوں سے تنگ آچکے ہیں، غربت کی چکی میں پسنے والی عوام کو مہنگائی کے طوفان سے مزید تباہ کردیا ہے، ایسی صورتحال میں عوام کسی ایسی جماعت کی طرف دیکھ رہی ہے جو اس کے حقیقی مسائل کا ادراک رکھتے ہوئے انہیں حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہو، پاکستان کی سیاست میں فقط پاکستان عوامی تحریک ہی ایسی جماعت ہے جو عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ثابت کر دیں گے کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت پاکستان عوامی تحریک ہے، ہم بلدیاتی انتخابات میں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، ہر نشست پر اپنا امیدوار کھڑا کریں گے، کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کردیں۔ وہ ترکی سے پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے عہدیداران سے آن لائن گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی نگران اپنے اپنے اضلاع میں ہر سطح کی تنظیم سازی کیلئے بھرپور محنت کریں، جبکہ کارکنان پاکستان عوامی تحریک کا پیغام گھرگھر پہنچانے کیلئے دن رات ایک کردیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ہمارا پیارا وطن پاکستان عوامی تحریک کی قیادت میں ایک خوشحال اور فلاحی مملکت بنے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 873490

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873490/بلدیاتی-انتخابات-میں-میدان-خالی-نہیں-چھوڑیں-گے-کارکنان-تیاریاں-تیز-کردیں-چوہدری-فیاض-وڑائچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org