0
Thursday 9 Jul 2020 23:54

گلگت بلتستان انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ

گلگت بلتستان انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کی مخالفت کے باوجود گلگت بلتستان انتخابات کو اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ جمعرات کے روز چیف الیکشن کمشنر جی بی راجہ شہباز کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس ہوئی، جس میں انتخابی شیڈول پر تبادلہ خیال کیا گیا، لیکن کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم بعد میں الیکشن کمیشن کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ باقاعدہ اعلامیہ جمعہ کے روز جاری ہوگا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں تحریک انصاف کے صدر سید جعفر شاہ، مسلم لیگ نون کے صدر حفیظ الرحمن، پیپلزپارٹی کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، بی این ایف کے نواز خان ناجی، اسلامی تحریک کے رہنما شیخ میرزا علی، جماعت اسلامی کے امیر مشتاق ایڈووکیٹ، اے پی ایم ایل کے کریم خان، جی بی قومی موومنٹ کے عبد الواحد، قاف لیگ کے مشرف ظفر، جے یو آئی کے امیر مولانا عطاء اللہ شہاب، ایم ڈبلیو ایم کے ایڈووکیٹ کمیل، انسانی حقوق پارٹی کے ریاض احمد خان، اے این پی کے کلیم اختر، متحدہ دینی محاذ کے مولانا فراز حیدری اور عام آدمی پارٹی کے خالد نوید شریک ہوئے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں انتخابی شیڈول پر بحث کی گئی، کانفرنس میں شریک تمام جماعتوں نے الیکشن کو شیڈول کے مطابق ہی کرانے کا مطالبہ کیا، تاہم چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے بتایا گیا کہ ابھی تک الیکٹرول لسٹیں تیار نہیں ہیں۔ 2015ء والی لسٹوں کو بھی ریفریش نہیں کیا گیا، اگر پرانی لسٹوں کے مطابق ہی الیکشن قبول ہے تو آج ہی الیکشن کرانے کو تیار ہیں، ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کیا کہ اب تک کیا کرتے رہے ہیں، سست روی کیوں اختیار کی گئی، ذمہ دار کون ہے؟ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ جب سے میں نے چارج سنبھالا ہے، دن رات کام کر رہا ہوں ،لیکن کشمیر افیئرز اور حکومت کی جانب سے کوئی رسپانس نہیں ملا، ہم چاہتے ہیں کہ ووٹر لسٹوں کو اپ گریڈ کیا جائے، کیونکہ پانچ سال میں کئی ووٹر فوت ہوچکے ہیں اور کئی لوگوں کے شناختی کارڈ بھی بننے ہیں، اس لیے ایک لمبا پراسیس چاہیئے اور کم از کم ایک سو بیس دن درکار ہیں۔

انتخابی شیڈول سے متعلق استفسار پر چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ قانونی طور پر انتخابی شیڈول کا اعلان کرنا لازمی تھا، اس لیے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ آخر میں اجلاس کے شرکاء کی اکثریت نے اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا اور اس سے زیادہ التوا میں ڈالنے کی شدید مخالفت کی۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی اے پی سی کا باقاعدہ اعلامیہ جمعہ کے روز جاری ہوگا، جس میں الیکشن کی تاریخ کو توسیع دینے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ جمعرات کے روز ہونے والی اے پی سی ان کیمرہ تھی، میڈیا کو نہیں بلایا گیا، خلاف توقع اے پی سی کا اعلامیہ بھی جاری نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ 2 اگست کو الیکشن کمیشن جی بی نے باقاعدہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق انتخابی عمل 7 جولائی سے شروع ہوا تھا اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 13 جولائی سے 17 جولائی مقرر کی گئی تھی اور 18اگست کو پولنگ ہونا تھی۔
خبر کا کوڈ : 873505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش