QR CodeQR Code

کے الیکٹرک ریاست کے اندر ریاست بنانا چاہتی ہے، امین الحق

10 Jul 2020 02:17

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چاہتے ہیں کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدہ سامنے آئے تاکہ خامیاں دور کریں، جنریشن نہ بڑھانے اور ڈسٹری بیوشن بہتر نہ بنانے کا معاملہ دیکھنا چاہیئے، بارش کا پہلا قطرہ گرتا ہے پورے شہر کی بجلی غائب ہوجاتی ہے، ہر تین ماہ بعد کراچی میں مکمل بلیک آؤٹ ہوتا ہے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ریاست کے اندر ریاست بنانا چاہتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پارلیمنٹ کے باہر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنے کا فیصلہ کیا ہے، دھرنا وفاقی حکومت کے خلاف نہیں کے الیکٹرک کے خلاف دے رہے ہیں۔ امین الحق نے کہا کہ ہم نے کے الیکٹرک کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر بھی دھرنا دیا، کے الیکٹرک ایک طرف 150 میگاواٹ بجلی زیادہ لے رہی ہے دوسری جانب کراچی میں بے انتہا لوڈشیڈنگ کررہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے معاملات کو بہتر کرے، کے الیکٹرک نے اس مرتبہ بہانہ کیا کہ گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی ہے، گزشتہ سال سوئی گیس کی کمی کا بہانہ کیا گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں امین الحق نے کہا کہ کابینہ میں ابھی کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت بڑھانے کا ایجنڈا نہیں آیا، کابینہ میں کے الیکٹرک کا معاملہ عوام کی امنگوں کے مطابق اٹھاؤں گا۔ امین الحق نے کہا کہ چاہتے ہیں کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدہ سامنے آئے تاکہ خامیاں دور کریں، جنریشن نہ بڑھانے اور ڈسٹری بیوشن بہتر نہ بنانے کا معاملہ دیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا پہلا قطرہ گرتا ہے پورے شہر کی بجلی غائب ہوجاتی ہے، ہر تین ماہ بعد کراچی میں مکمل بلیک آؤٹ ہوتا ہے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 873508

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873508/کے-الیکٹرک-ریاست-اندر-بنانا-چاہتی-ہے-امین-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org