0
Friday 10 Jul 2020 20:23

سب کو تاریخ سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی اصلاح کرنی چاہیے، چودھری شجاعت

سب کو تاریخ سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی اصلاح کرنی چاہیے، چودھری شجاعت
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سب کو تاریخ سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی اصلاح کرنی چاہیے، پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے دی نیوز اور 24 چینل کا ذکر کرتے ہوئے دو واقعات کا تذکرہ کیا۔ کہتے ہیں کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ملیحہ لودھی کو بغاوت کے کیس میں گرفتار کرنے کا کہا جو اس وقت دی نیوز کی چیف ایگزیکٹو تھیں۔ چودھری شجاعت حسین کے مطابق انہوں نے اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئےکہا کہ اس اقدام سے صحافی برادری اور انٹرنیشنل کمیونٹی میں اچھا تاثر نہیں جائے گا۔ جس پر میاں نواز شریف نے کہا کہ آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں اور افہام و تفہیم کیلئے کردار ادا کریں۔ چودھری شجاعت حسین نے دوسرے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن جب دھرنے کیلئے اسلام آباد آئے تو اس وقت بھی کچھ لوگ دھرنے پر دھاوا بولنے کے حامی تھے، لیکن عمران خان سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں تھا، سب ایک دوسرے کو بات کرنے کا کہہ رہے تھے، جبکہ چودھری پرویزالٰہی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے باضابطہ ممبر نہیں تھے لیکن ان سے کہا گیا کہ عمران خان سے بات کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان سے ملاقات میں مشورہ دیا کہ اگر تشدد کیا گیا اور کوئی آدمی مر گیا تو الزام لینے پر کوئی تیار نہیں ہوگا، البتہ آپ کو ہر چیز کا جواب دینا پڑے گا، جس پر فیصلہ موخر کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کہوں گا کہ وہ میر شکیل الرحمن، 24 نیوز اور باقی اخبارات کے مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے کی کوشش کریں، جو امید ہے کہ حل ہو جائیں گے، بحران کو سب چیزیں بھول کر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اس ضمن میں وزیر اطلاعات شبلی فراز بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 873623
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش