0
Friday 10 Jul 2020 22:54

پارٹی مشاورت کے بغیر عہدہ لینے پر جے یو آئی کا جی بی کے نگران وزیر کو شوکاز نوٹس

پارٹی مشاورت کے بغیر عہدہ لینے پر جے یو آئی کا جی بی کے نگران وزیر کو شوکاز نوٹس
اسلام ٹائمز۔ پارٹی کی مشاورت کے بغیر نگران حکومت میں وزیر کا عہدہ قبول کرنے پر جے یو آئی گلگت بلتستان کی جانب سے نگران صوبائی وزیر مولانا سرور شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر وزارت سے استعفیٰ طلب کر لیا گیا۔ جمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشیر احمد قریشی کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ (مولانا سرور شاہ) نے جمعیت کی مرکزی قیادت اور صوبائی مجلس عاملہ کی مشاورت کے بغیر نگران حکومت میں صوبائی وزیر کا عہدہ قبول کیا جس کی وجہ سے جماعت اور مرکزی قیادت کی بدنامی ہوئی۔ مزید کہا گیا ہے کہ آپ (مولانا سرور شاہ) اس سے قبل جے یو آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی میں ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر ممبر منتخب ہوئے تھے اور 2014ء سے 2019ء تک متفقہ طور پر جے یو آئی کے صوبائی امیر منتخب ہوئے اور اس وقت سرپرست جمعیت علماء اسلام گلگت بلتستان کے عہدے پر موجود ہونے کے باﺅجود اب تک مجلس عاملہ کے منعقدہ کئی اجلاسوں میں نہ صرف شرکت نہیں کی بلکہ آپ نے جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ کی مشاورت اور مرکزی قیادت کی اجازت کے بغیر مرکزی حکومت کے قائم کردہ گلگت بلتستان کے صوبائی نگران سیٹ اپ میں صوبائی وزیر کا عہدہ قبول کیا، جس سے صوبائی جماعت کی بدنامی اور مرکزی قیادت ناراض ہوگئی۔ اس لیے آپ کو تحریری شوکاز نوٹس جاری کیا جا رہا ہے کہ آپ سات یوم کے اندر صوبائی نگران وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیں، بعد از سات یوم صوبائی مجلس عاملہ جمعیت علماء اسلام کے دستور کے مطابق ضروری کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ جے یو آئی کے رہنما مولانا سرور شاہ نگران حکومت میں صوبائی وزیر ہیں اور ان کے پاس محکمہ فاریسٹ اور وائلڈ لائف کا قلمدان ہے۔  
خبر کا کوڈ : 873646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش