QR CodeQR Code

عذیر بلوچ کے سر کی قیمت کیوں ختم کی گئی؟ اس سے بھتے کون لیتا تھا، فہمیدہ مرزا

11 Jul 2020 02:41

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا نے اپنی فیملی کو خطرے میں ڈالا، ہماری فیملی نے کھویا ہے، پایا کچھ نہیں ہے، کراچی اور سندھ میں جو بھی واقعات ہوتے تھے ذوالفقار مرزا اپنی ذمہ داری سمجھتے تھے، عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ کو عدالت میں لایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے مطالبہ کیا ہے کہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ عدالت میں لائی جانی چاہیئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سابق رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی لیاری سے ہمیشہ جیتتی تھی، 2008ء کے الیکشن سے پہلے پیپلز پارٹی لیاری میں بہت تقسیم تھی، بقیہ کراچی میں بھی مختلف سیاسی جماعتیں تقسیم تھیں اور ایک دوسرے سے لڑرہی تھیں۔ سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں نے سنا تھا کہ عذیر بلوچ بھتے لیتا ہے لیکن کیا کوئی عذیر بلوچ سے بھی بھتہ لے سکتا تھا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ کو عدالت میں لایا جائے اور سوالات پوچھے جائیں، پوچھا جائے کہ عذیر بلوچ کے سر کی قیمت کیوں ختم کی گئی؟ یہ بھی پوچھا جائے عذیر سے بھتے کون لیتا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا نے اپنی فیملی کو خطرے میں ڈالا، ہماری فیملی نے کھویا ہے، پایا کچھ نہیں ہے، کراچی اور سندھ میں جو بھی واقعات ہوتے تھے ذوالفقار مرزا اپنی ذمہ داری سمجھتے تھے، جیو نیوز کے رپورٹر ولی بابر تو کسی سیاسی جماعت کے نہیں تھے، ان کے لئے ذوالفقار مرزا نے کیوں آواز اٹھائی؟

آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور سے متلعق فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کو کیا ضرورت پیش آئی کہ وہ عذیر بلوچ کے گھر چلی گئیں؟ فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ سیاست میں مجھے بینظیر بھٹو لے کر آئی تھیں، مجھے بےنظیر بھٹو نے ٹکٹ دیا اور جب مجھے اسپیکر قومی اسمبلی کی پیشکش ہوئی تو میں نے اس وقت بھی انکار کیا تھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سندھ حکومت نے عذیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی رپورٹس جاری کیں تھیں جن میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں تاہم وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی عذیر بلوچ سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ نامکمل ہے۔ وفاقی وزیر نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں جو قتل و غارت ہوئی اس پر 184 تھری کے تحت از خود نوٹس لیں۔


خبر کا کوڈ: 873668

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873668/عذیر-بلوچ-کے-سر-کی-قیمت-کیوں-ختم-گئی-اس-سے-بھتے-کون-لیتا-تھا-فہمیدہ-مرزا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org