0
Saturday 11 Jul 2020 16:53

طیب ایردوان نے آیا صوفیہ میوزیم کو ایک مرتبہ پھر مسجد میں تبدیل کرنے کے حکمنامے پر دستخط کردیے

طیب ایردوان نے آیا صوفیہ میوزیم کو ایک مرتبہ پھر مسجد میں تبدیل کرنے کے حکمنامے پر دستخط کردیے
اسلام ٹائمز۔ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے آیا صوفیہ میوزیم کو ایک مرتبہ پھر مسجد میں تبدیل کرنے کے حکمنامے پر دستخط کردیے ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترکی کی اعلیٰ عدالت کونسل آف اسٹیٹ کی جانب سے تاریخی عمارت آیا صوفیہ کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے حق میں فیصلہ آتے ہی ترکی کے صدر نے حکمنامے پر دستخط کردیے۔ صدارتی حکم کے بعد آیا صوفیہ کی میوزیم کی حیثیت ختم ہوگئی ہے۔ اب اس تاریخی عمارت کا انتظام  محکمہ مذہبی امور نے سنبھال لیا ہے۔ ترک ذرائع ابلا غ کے مطابق صدارتی ترجمان ابراہیم قالن کا کہنا ہے کہ آیا صوفیہ کے عبادت کے لیے کھولے جانے سے تاریخی اہمیت کے حامل عالمی ورثے کی شناخت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

صدارتی ترجمان ابراہیم قالن کا کہنا ہے کہ آیا صوفیہ کے عبادت کے لیے کھولے جانے سے اس کے زائرین میں اضافہ ممکن ہے لیکن کمی نہیں آئے گی۔ ترکی کی اعلیٰ عدلیہ کونسل آف اسٹیٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ 24 نومبر 1934ء کا حکومتی فیصلہ جس میں اس عمارت کی مسجد کی حیثیت ختم کرکے میوزیم میں تبدیل کیا گیا وہ قانون سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔ ترکی کی عدالت کے فیصلے کے مطابق آیا صوفیہ سلطان فاتح محمد ٹرسٹ کی ملکیت ہے جسے مسجد کے طورپرعوام کو دیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے تحت آیا صوفیہ ٹرسٹ کی دستاویز میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ آیا صوفیہ کو مسجد کے علاوہ کسی اور مقصدکے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔

استنبول میں واقع یہ تاریخی عمارت چھٹی صدی میں بازنطینی بادشاہ جسٹنیئن اول کے دور میں بنائی گئی تھی۔ تاریخ میں درج ہے کہ 1453ء میں استنبول کی فتح کے بعد سلطنتِ عثمانیہ نے اسے مسجد میں تبدیل کردیا تھا۔ اس سے قبل اس عمارت میں گرجا گھر قائم تھا۔ تاریخی حوالوں کے مطابق 500 سال سے کچھ عرصہ کم یہ عمارت مسجد رہی لیکن 1934ء میں اسے میوزیم میں تبدیل کردیا گیا۔ مسجد کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتا ترک کے دور حکومت میں ہوا تھا۔ اس تاریخی عمارت کو اقوام متحدہ  نے دنیا میں موجود ان عمارات کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے جنہیں عالمی ورثہ قرار دیا جاتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 873806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش