0
Saturday 11 Jul 2020 19:54

کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان

کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کےخاتمے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کیلئے فرنس آئل اور گیس کی سپلائی بڑھا دی ہے، کے ای کو 290 ملین مکعب فٹ گیس دی جائے گی، بن قاسم پاور پلانٹ کے تمام یونٹس کو چلایا جائے گا، کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور شہر کے تین چوتھائی حصے کو مسلسل بجلی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کے الیکٹرک نجی ادارے کے پاس ہے، کراچی کے نہیں، بجلی بحران میں غلطی کس کی تھی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کون ہے، فیصلہ نیپرا کرے گا، اگر کے الیکٹرک کا رویہ درست نہیں ہوا، تو وفاق کے ای کو اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کی پیک ڈیمانڈ 3500 سے 3600 میگاواٹ ہے، کراچی میں آئندہ سال 18 فیصد بجلی کا اضافہ کیا جائے گا، 2 سال کے دوران بجلی کی فراہمی میں 1300 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا جائے گا، کے الیکٹرک 3 سال میں 2100 میگا واٹ بجلی سسٹم میں ڈالنے کے منصوبہ پر کام کرے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کو حل کریں گے،  کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، آج بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس بلایا گیا تھا، کل سے کراچی میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 873836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش