QR CodeQR Code

اجمل وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے، فیصل کریم کنڈی

11 Jul 2020 22:05

پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان کا کہنا تھا کہ مشیر اطلاعات کی آڈیو سے کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے، عمران خان اور کابینہ کے لوگ چینی اسکینڈل میں ملوث ہیں، جہانگیر ترین کو نہ صرف بچایا گیا بلکہ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ باہر بھیجا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا نے کرپشن کے مسلسل واقعات سامنے آنے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی محمود خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کہتے ہیں کہ اجمل وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے، اجمل وزیر وزیراعظم اور وزیراعلٰی کے ویژن کے مطابق کام کرتے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر ہمایوں خان اور جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کمیشن کی بناء مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو ہٹا دیا ہے، اجمل وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اجمل وزیر وزیراعظم اور وزیراعلٰی کے ویژن کے مطابق کام کرتے تھے، وزیراعظم عمران خان کو چاہیئے کہ وہ استعفٰی دے، کوئی بھی ایسا سکینڈل نہیں جس میں پی ٹی آئی ملوث نہ ہو، نیب سو رہی ہے اگر وہ جاگ جائے تو احتساب اسوقت حقیقی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فارن فنڈنگ کیس ابھی حل طلب ہے، ایکسپریس وے کی تعمیر میں بھی کرپشن ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی کرپشن کا سلسلہ اب نہیں تھمنے والا۔

پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان کا کہنا تھا کہ 7 سال سے صوبہ خیبر پختونخوا میں کرپش بازار گرم ہے، عوامی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حکمران جیب بھرنے میں مصروف ہیں۔ ہمایون خان کا کہنا تھا کہ مشیر اطلاعات کی آڈیو سے کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے، حکومت کرپشن کے الزام میں وزراء کو نکال دیتی ہے، مگر ڈرائی کلین میں دھلنے کے بعد واپس صاف ہو جاتے ہیں، عمران خان اور کابینہ کے لوگ چینی اسکینڈل میں ملوث ہیں، جہانگیر ترین کو نہ صرف بچایا گیا بلکہ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ باہر بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راتوں رات پیٹرول مافیا کو اربوں روپے سے نوازا گیا ہے، بی آر ٹی منصوبہ، مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، پشاور کی ترقی کیلئے مختص 6 ارب روپے اور 22 ہزار طلبا کے وطائف کے اسکینڈل کی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہے؟ عمران خان کرپشن کا ساتھ دینے والا ہے، پی آئی اے کو بدنام کیا گیا ہے شاہد پی آئی اے کو اونے پونے داموں بیچا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 873854

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873854/اجمل-وزیر-کو-قربانی-کا-بکرا-بنایا-گیا-ہے-فیصل-کریم-کنڈی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org