QR CodeQR Code

کرپشن کیوجہ سے نجی شعبے کی نسبت حکومتی خریداری بہت زیادہ مہنگی ہے، احمد یار ہراج

12 Jul 2020 13:17

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن کا کہنا تھا کہ SAP سسٹم کو اکاؤنٹس آفس نے آج سے 16 سال قبل خرید لیا گیا تھا اور منگوا لیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکا۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن احمد یار ہراج نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر معائنہ کمیشن نے سرکاری خریداری کا معائنہ کیا جس میں چند ماہ لگے اور اس میں بہت بدعنوانیاں سامنے آئیں اور یہ بگاڑ حکومتی اخراجات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم معائنہ کمیشن اپنی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ نجی شعبے کی نسبت حکومتی خریداری بہت زیادہ مہنگی ہے، اس کی وجوہات میں ٹیکسز کے ساتھ ساتھ اسپیڈ منی کا نظام ہے جسے آپ کرپشن بھی کہہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بل بھی ایسا نہیں ہے کہ اکاؤنٹ آفس میں اس کی پیمنٹ آسانی سے حاصل کی جا سکے، اس میں قانون کے مطابق کیا جانے والا پری آڈٹ ہے لیکن اسی کے ساتھ خواہ مخواہ کے اعتراضات لگا دیے جاتے ہیں اور معاملے کو الجھا کر رقم کی ادائیگی میں اتنی تاخیر کردی جاتی ہے کہ ان کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں اور یہ چیز اپنے اگلے بلوں میں شامل کر کے حکومتی خریداری میں قیمتیں بڑھا کر وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ احمد ہراج نے کہا کہ درحقیقت سرکاری ادارے خریداری کی مد میں ملوث اپنے ہی ملازمین کی کرپشن کی اضافی رقم ادا کر رہے ہیں اور حکومت اپنے ہی ملازمین کی کرپشن کے پیسے ادا کر رہی ہے، اس کو درست کرنا وزیراعظم کی سوچ کے عین مطابق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو حکومت کا ایسا ادارہ ہے، جو وفاقی حکومت کی تمام خریداری اور ادائیگوں کو دیکھتا ہے اور اسی طرح صوبوں میں اکاؤنٹنٹ جنرل موجود ہیں اور ان کے ذیلی دفاتر اضلاع میں موجود ہوتے ہیں۔ چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن نے مزید کہا کہ ہم وزیراعظم کو سفارش بھیج رہے ہیں کہ اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو ڈیجیٹل خطوط پر آراستہ کرتے ہوئے SAP سسٹم سے لیس کیا جائے اور یہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کی سوچ کے عین مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ SAP سسٹم کو اکاؤنٹس آفس نے آج سے 16 سال قبل خرید لیا گیا تھا اور منگوا لیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکا۔

انکا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم کو معائنہ کمیشن کی طرف سے سفارشات بھیج رہے ہیں کہ اس سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے اور اس آن لائن خریداری کے نظام کی تنصیب کی جائے اور اس کے تحت بل کی ادائیگی بھی آن لائن کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بگاڑ صرف بل کی ادائیگی تک محدود نہیں بلکہ اگر دوسرے محکموں کے لوگوں کا اگر کسی طرح سے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو سے واسطہ پڑتا ہے تو انہیں بھی مشکلات پیش آتی ہیں جس کی وجہ سے یہ بگاڑ دوسرے محکموں تک پہنچ جاتا ہے۔ احمد یار ہراج نے کہا کہ اکاؤنٹس آف جیسی دیگر غلط سرگرمیاں دوسرے محکموں میں بھی سرائیت کر چکی ہیں اور یہ ایک مربوط نظام بن چکا ہے جس کو درست کرنے کے لیے ہم نے اپنی سفارشات تیار کی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 873954

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/873954/کرپشن-کیوجہ-سے-نجی-شعبے-کی-نسبت-حکومتی-خریداری-بہت-زیادہ-مہنگی-ہے-احمد-یار-ہراج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org