1
Sunday 12 Jul 2020 21:54
دل کے پھپھولے جل اُٹھے سینے کے داغ سے۔۔

سعودی میڈیا پر فلسطینی مزاحمت کیخلاف صیہونی پراپیگنڈا، حماس کا احتجاج

سعودی میڈیا پر فلسطینی مزاحمت کیخلاف صیہونی پراپیگنڈا، حماس کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی علاقے غزہ کی وزارت داخلہ نے سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف چلنے والے صیہونی پراپیگنڈے پر مبنی خبر کو مسترد کر دیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس سے تعلق رکھنے والی غزہ کی وزارت داخلہ نے سعودی میڈیا پر چلنے والے اسرائیلی پراپیگنڈے پر بھی شدید احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی نیوز چینل "العربیہ" نے اسرائیلی میڈیا سے لی گئی رپورٹ نشر کرتے ہوئے کہا تھا کہ حماس کے ذیلی فوجی بریگیڈ "القسام" سے تعلق رکھنے والے 16 مجاہدین کو اسرائیل کے لئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قبل ازیں غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ تعلق رکھنے والے صیہونی ٹیلیویژن چینل "آئی 24" نے بھی یہی دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ القسام بریگیڈ کے ایک مجاہد نے فلسطینی مزاحمتی فورسز سے بچنے کے لئے اسرائیل کے اندر پناہ لے رکھی ہے۔

فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق حماس کے ساتھ تعلق رکھنے والی غزہ کی وزارت داخلہ کے ترجمان إياد البزم نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران سعودی میڈیا کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی محاذ کے خلاف ہونے والے زہریلے پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ٹیلیویژن چینل العربیہ (رائے عامہ کو) فریب دینے اور صیہونی میڈیا کی تقلید میں جھوٹی افواہیں پھیلانے میں مشغول ہے۔ إياد البزم نے امت مسلمہ خصوصا سعودی عوام و میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی مزاحمتی محاذ سے متعلق خبروں کو باوثوق ذرائع سے حاصل کریں نہ کہ صیہونی میڈیا سے۔

واضح رہے کہ سعودی شاہی رژیم کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی محاذ کی مرکزی شخصیات کے خلاف دہشتگردی کے الزام میں ہونے والی کارروائی کے بعد سعودی میڈیا کی جانب سے بھی اسلامی مزاحمتی محاذ کے خلاف زہریلے صیہونی پراپیگنڈے کا آغاز کر دیا گیا تھا جس پر حماس سمیت متعدد فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کی جانب سے بارہا شدید احتجاج بھی کیا گیا ہے۔ قرائن سے ثابت ہوتا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے خلاف اسرائیلی میڈیا سے لی جانے والی یہ زہریلی خبر بھی اسلامی مزاحمتی محاذ کے خلاف سعودی رژیم کی صیہونی پالیسی کا ہی ایک حصہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 874028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش