0
Sunday 12 Jul 2020 23:28

کارگاہ نالے میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت کا نوٹس لیا جائے، الیاس صدیقی

کارگاہ نالے میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت کا نوٹس لیا جائے، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان و امیدوار جی بی ایل اے ون  گلگت محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ کارگاہ نالے میں سخت سیکورٹی انتظامات کئے جائیں۔ ناقص سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے کارگاہ کے عوام سخت پریشان ہیں۔ بعض مشکوک غیر مقامی افراد کی کارگاہ نالے میں نقل و حرکت سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کارگاہ نالے سمیت تمام نالہ جات کی سیکورٹی سخت کی جائے۔ وحدت ہاﺅس گلگت میں کارگاہ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ترجمان ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ممکنہ دہشت گردی کے تدارک کیلئے تمام نالہ جات کی سیکورٹی سخت کی جائے۔ کارگاہ کے عوام نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود سنجیدہ اقدامات نہ اٹھانا دہشت گردوں کو موقع فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں کارگاہ نالے میں دہشت گردی اور مال مویشی چوری کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں اور پولیس فورس کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ماضی کے دلخراش واقعات کے تناظر میں آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آ رہے ہیں اور اہالیان کارگاہ کے مطابق مشکوک قسم کے غیر مقامی لوگوں کی سرگرمیاں جاری ہیں اور سیکورٹی کیلئے جو پولیس نفری بھجوا دی گئی ہے ان کو بھی آبادی کے درمیان سرکاری ڈسپنسری میں رکھنے کیلئے عوام پر دباﺅ ڈالا جا رہا ہے جبکہ اس سے علاقے میں پولیس رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ پچھلے سال بھی کارگاہ نالے سے مال مویشیوں کو زبردستی اٹھا لیا گیا ہے جس کی باقاعدہ ایف آئی آر درج ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے عوامی مطالبے کے مطابق سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے اور ان مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 874040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش