0
Monday 13 Jul 2020 00:04

آئی جی پی خیبر پختونخوا کا دورہ کرم، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

آئی جی پی خیبر پختونخوا کا دورہ کرم، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
 اسلام ٹائمز۔ انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی ایک روزہ دورے پر ضلع کرم پہنچے، جہاں انہوں نے پولیس اور سکیورٹی حکام سے ملاقات کی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا- ڈی آئی جی کوہاٹ  ریجن نے سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ آج جو ہم پرامن فضا میں بے خوف و خطررہ رہے ہیں اس کی بحالی میں پاک آرمی اور دیگر سکیورٹی اداروں کی شب و روز کی محنت اور قربانیاں شامل ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خاصہ داروں اور لیویز اہلکاروں کا پولیس میں انضمام کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ ہفتے باقی ماندہ خاصہ دار اور لیویز اہلکار بھی پولیس میں ضم ہو جائیں گے جبکہ لیویز اور خاصہ داروں کی تربیت کا باقاعدہ آغاز یکم اگست سے شروع کرانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ لیویز اور خاصہ دار وں کے لئے اسلحہ اور جدید سکیورٹی آلات کی خریداری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ پولیس فورس کے لئے گاڑیوں اور یونیفارم کی فروخت کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
 
آئی جی پی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں پولیس تھانوں کی تعمیر کے لئے زمین کے حصول کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور جلد ہی اس پر تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔ آئی جی پی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے قیام کےلئے دفاتر کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ میں 10000 نئی آسامیاں پیدا کی گئی ہیں، جن پر ضم شدہ اضلاع کے تعلیم یافتہ اور اچھے کردار کے حامل نوجوانوں کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔ آئی جی پی نے کرم پولیس کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو پولیس کے اس نئے نظام سے ہم آہنگ کریں جس کے لیے عوام کے اعتماد کا حصول ضروری ہے اور یہ اس وقت ممکن ہے کہ جب وہ اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کا مظاہرہ  کرتے ہوئے خدمت اور دیانت کو اپنا شعار بنائیں، یوں ان اضلاع میں عوامی توقعات پر پورا اترنے کے ساتھ وہ خیبر پختونخوا کی پولیس کے وقار میں اضافہ کا باعث بن سکتے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 874048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش