QR CodeQR Code

ٹرمپ کا تارکین وطن کو پہلی بار بڑی رعایت دینے کا فیصلہ

13 Jul 2020 09:14

ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ امیگریشن کے بارے میں جلد ہی ایک نئے انتظامی حکم نامے پر دستخط کرنے والے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حیران کن طور پر تارکین وطن کو بھی پہلی بار بڑی رعایت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نوجوان تارکین وطن کو شہریت دینے کیلئے کوئی راستہ نکال رہے ہیں، لوگ اس سے خوش ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ امیگریشن کے بارے میں جلد ہی ایک نئے انتظامی حکم نامے پر دستخط کرنے والے ہیں۔ اس میں ان نوجوانوں کو شہریت دینے کی راہ ہموار کی جائے گی جو اپنے والدین کے ہمراہ بچپن میں غیرقانونی طور پر امریکہ آئے تھے۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بچپن میں غیرقانونی طور پر امریکہ آنے والے بچوں کے زیر التوا پروگرام یعنی ڈی اے سی اے کے حق میں یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ان کو امریکہ میں قیام کی عارضی اجازت ملی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہم ان کی شہریت کے لیے راستہ نکال رہے ہیں،انتظامی حکم نامہ اہلیت کی بنیاد پر ہو گا۔ انہوں نے اس بات کو ایک بار پھر دہرایا کہ ٹرمپ کانگریس کے ساتھ ملکر اسکا باقاعدہ قانونی حل تلاش کریں گے۔ اس میں شہریت کے علاوہ مضبوط تر سرحدی سیکورٹی اور اہلیت کی بنیاد پر مستقل اصلاحات شامل ہوں گی۔ لیکن عام معافی نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے ٹرمپ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ آئینی طور پر صدر کو انتظامی حکم نامے کے ذریعے شہریت کے لیے راستہ کھولنے کا صفر فیصد اختیار ہے۔


خبر کا کوڈ: 874069

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874069/ٹرمپ-کا-تارکین-وطن-کو-پہلی-بار-بڑی-رعایت-دینے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org