QR CodeQR Code

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے مراد علی شاہ کا ناقص پولیو ویکسین پلانے کا دعویٰ مسترد کر دیا

13 Jul 2020 10:35

نگران وزیر اعلیٰ کے ترجمان نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جی بی کے حوالے سے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔ گلگت بلتستان میں کامیابی کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے لئے مہم جاری اور جی بی حکومت اس سلسلے میں عالمی معیار کو یقینی بنا رہی ہے.


اسلام ٹائمز۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جی بی میں غلط پولیو ویکسین پلانے کا دعوی مسترد کر دیا۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان نے مراد علی شاہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین عالمی معیار کے مطابق ہے، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیئے جائیں۔ گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ پچھلے سال گلگت بلتستان میں جو غلط ویکسین پلائی گئی، اس سے پولیو کا وائرس پھیلا۔ کراچی میں بھی دو کیسز رپورٹ ہوئے حالانکہ اس سے پہلے 2018ء میں ہم نے پولیو وائرس کو ختم کر دیا تھا۔ ادویات سکینڈل میں کون کون ملوث ہے میڈیا انویسٹی گیشن کرے۔ میڈیسن کو چیک کریں کہ اسے کون امپورٹ کر رہا ہے۔ دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان نے ایک بیان میں مراد علی شاہ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص پولیو ویکسین پلانے کی خبریں درست نہیں، مراد شاہ کا بیان حقیقت کے منافی ہے، انھیں اپنے بیان پر نظرثانی کرنی چاہئے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کرنا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جی بی کے حوالے سے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔ گلگت بلتستان میں کامیابی کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے لئے مہم جاری اور جی بی حکومت اس سلسلے میں عالمی معیار کو یقینی بنا رہی ہے اور بچوں کو پولیو سے بچانے کے لئے محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہے۔


خبر کا کوڈ: 874080

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874080/نگران-وزیر-اعلی-گلگت-بلتستان-نے-مراد-علی-شاہ-کا-ناقص-پولیو-ویکسین-پلانے-دعوی-مسترد-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org