0
Monday 13 Jul 2020 23:27

لاپتہ افراد کو گھر لانا پڑیگا، مسنگ پرسنز کے ایشو کو ہم افورڈ نہیں کرسکتے، بلاول بھٹو زرداری

لاپتہ افراد کو گھر لانا پڑیگا، مسنگ پرسنز کے ایشو کو ہم افورڈ نہیں کرسکتے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر جان بوجھ کر کورونا ٹیسٹنگ کم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم رہنا جمہوریت، معیشت اور ہر پاکستانی کی زندگی اور صحت کے لئے خطرہ ہے۔ سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا رہی ہے، کورونا کی ٹیسٹنگ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت جان بوجھ کر ٹیسٹنگ صلاحیت کم کرکے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، اگر ٹیسٹنگ کم ہوگی تو کورونا کا گراف بھی نیچے ہی جاتا ہی نظر آئے گا، پوری دنیا ہمیں ٹیسٹنگ ٹیسٹنگ کا کہہ رہی ہے اور وفاق یہ نظر انداز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد سب سے زیادہ ہے، کورونا سے جتنے لوگ متاثر اور انتقال کر جائیں گے تو معیشت کا اتنا ہی نقصان ہوگا، سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود کورونا کے متاثرہ گھرانوں کو گرانٹ دلوائے گی۔

کرپشن کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، پولیو میں کرپشن، حج میں کرپشن، قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) میں کرپشن، بلین ٹری سونامی میں کرپشن، مالم جبہ میں کرپشن، فارن فنڈنگ کیس میں کرپشن اور تحریک انصاف جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہے، اس میں کرپشن کرتی ہے۔ ٹڈی دل کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ آج ہر کسان کی فصل ٹڈیوں کی وجہ سے خطرے میں ہے، سندھ کے بجٹ میں ان کے لئے بھی رعایتیں رکھی ہیں، غریب کسانوں کو سبسڈی دی جائے گی، انہیں بیج اور کھاد کی خریداری میں سبسڈی دیں گے، جن علاقوں میں پانی کی کمی ہے، وہاں بھی سبسڈی دی جائے گی۔ مقبوضہ کمشیر کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کشمیریوں کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے کشمیر کاز اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ جب مودی الیکشن جیتا تو کشمیر کاز حل ہو جائے گا، یہ ملک کی تاریخ کا پہلا اور آخری وزیراعظم ہے، جس نے کشمیر کے معاملے پر عوام کو نہ متحد کیا اور نہ ہی اعتماد میں لیا۔ بلاول کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اس قسم کا معاشی بحران کبھی نہیں دیکھا، عالمی بحران، کورونا وائرس اور حکومت کی نالائقی کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پیداوار کی شرح منفی رہی ہے، معیشت کورونا سے پہلے بھی متاثر ہو رہی تھی اور آج بھی ہو رہی ہے۔ لاپتہ افراد کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لاپتہ افراد کو گھر لانا پڑے گا، چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) مسنگ پرسن پر اپنا بیان دیں تو بہتر ہے، مسنگ پرسنز کے ایشو کو ہم افورڈ نہیں کرسکتے، سندھ، بلوچستان، کے پی اور پنجاب سے بھی لوگ لاپتہ ہو رہے ہیں، جو کہ تشویشناک بات ہے، نہ لوگوں کو لاپتہ ہونا چاہیئے اور نہ ٹارگٹ کلنگ ہونی چاہیئے، اس کا حل نکالنا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 874233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش