0
Tuesday 14 Jul 2020 21:24

دربار بی بی پاکدامنؒ کی تعمیر نقشے کے مطابق کروائی جائے، علامہ شہنشاہ نقوی

دربار بی بی پاکدامنؒ کی تعمیر نقشے کے مطابق کروائی جائے، علامہ شہنشاہ نقوی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں دربار بی بی پاکدامنؒ کی توسیع کے حوالے سے علماء و مشائخ کا اجلاس ہوا جس میں علامہ سید شہنشاہ نقوی، حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا عاصم مخدوم، مولانا امجد چشتی سمیت دیگر علمائے کرام اور مشائخ عظام شریک ہوئے۔ علامہ سید شہنشاہ نقوی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومتی دستاویزات کے مطابق دربار کی زمین 72 کنال ہے، 2 کنال پر دربار کی تعمیر منظور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے دس سال پہلے منظور کردہ نقشے کے مطابق دربار کی تشکیل ہونی چاہیے، قابضین سے جگہ واگزار کروائی جائے۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ دربار بی بی پاکدامن کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں، مختلف مراحل میں دربار تعمیر ہوگا، پہلے مرحلے میں چودہ کنال پر دربار کی تعمیر ہو گی، اس کے بعد 72 کنال پر تعمیر مکمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام شیعہ سنی عمائدین متفق ہیں کہ دربار کی توسیع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں مصلحت پسندی کا شکار رہی ہیں مگر اب ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاوجہ ہی دربار کی توسیع میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، اب حکومت کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا تو عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹا سکتے ہیں۔ اجلاس کے بعد تمام علماء اور مشائخ نے دربار پر حاضری، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ملک و قوم کی سلامتی اور کورونا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 874271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش