QR CodeQR Code

پی پی کی حکومت بننے پر تین ماہ میں خالصہ سرکار قانون ختم ہوگا، امجد حسین ایڈووکیٹ

14 Jul 2020 10:18

پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر کا غذر میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب کی بار عوام کی طاقت سے اس تاثر کو غلط ثابت کیا جائے گا کہ جس کی وفاق میں حکومت ہوتی ہے وہی سیاسی جماعت گلگت بلتستان میں بھی برسر اقتدار آتی ہے۔ وفاق والے 70 سالوں سے ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے آ رہے ہیں یہاں تک کہ وفاق ہمارے پانی تک پر ہمارا حق تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننے کے تین ماہ کے اندر خالصہ سرکار نامی کالا قانون ختم کر دیا جائے گا، جی بی کے مسائل کا حل روایتی سیاست دانوں کے پاس نہیں بلکہ عوامی مسائل وہ ختم کر سکتا ہے جس کے دل میں قوم کا درد ہو۔ غذر دورے کے موقع پر بوبر گاؤں میں عمائدین علاقہ سے ایک کارنر میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب کی بار عوام کی طاقت سے اس تاثر کو غلط ثابت کیا جائے گا کہ جس کی وفاق میں حکومت ہوتی ہے وہی سیاسی جماعت گلگت بلتستان میں بھی برسر اقتدار آتی ہے۔ وفاق والے 70 سالوں سے ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے آ رہے ہیں یہاں تک کہ وفاق ہمارے پانی تک پر ہمارا حق تسلیم کرنے کو تیار نہیں، نہ صرف یہ بلکہ ہم تمام تر بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، ہمیں اپنے حقوق کے لئے لڑنا ہوگا اس کے لئے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام ووٹ کی طاقت سے ایک بار وفاق کو مسترد کرنے کا پیغام دے تو اس کے نتیجے میں جی بی کے عوام ایک قوم سمجھے جائیں گے۔ اگر ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے تو ہماری حیثیت شہد کی مکھی جیسی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان نے آزاد کروا کے نہیں دیا بلکہ ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی مدد آپ آزاد کروایا، ہمارے پاس بیشمار وسائل موجود ہیں لیکن ان کی ملکیت گلگت بلتستان کے عوام کے پاس نہیں، ملکیت دینے کا اختیار وفاق کے پاس نہیں بلکہ گلگت بلتستان اسمبلی کے پاس ہے، لیکن اپنے اختیارات سمجھنے کے لئے جی بی اسمبلی میں اہل نمائندوں کو بھیجنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم پاکستان کو گلگت بلتستان میں مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم کبھی بھی پاکستان کے چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش نہیں کریں گے کیونکہ ہم وفاقی جماعت ہیں لیکن وفاق کو بھی چاہئے کہ وہ ہمیں ہمارے وسائل کا حقدار سمجھے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم اپنے علاقے میں خود اجنبی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں چیف جسٹس سے لیکر چیف سیکریٹری تک اور تمام سیکریٹریز سے لیکر آئی جی پی تک تمام کا تعلق گلگت بلتستان سے ہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2016ء سے حق ملکیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہم سیاست گلگت بلتستان کے عوام کی حکمرانی کے لئے کر رہے ہیں، کارنر میٹنگ سے ضلعی صدر محمد ایوب، بدرالدین بدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 874277

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874277/پی-کی-حکومت-بننے-پر-تین-ماہ-میں-خالصہ-سرکار-قانون-ختم-ہوگا-امجد-حسین-ایڈووکیٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org