QR CodeQR Code

امریکہ میں کورونا کا زیادہ پھیلاؤ لاک ڈاؤن نہ ہونے کی وجہ سے ہوا، ڈاکٹر انتھونی فاؤسی

14 Jul 2020 11:31

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤسی نے کہا کہ کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اس کی واضح مثال ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ معروف امریکی  ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤسی (Dr. Anthony Fauci) نے امریکہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کا ذمہ دار لاک ڈاؤن نہ کرنے کو قرار دیا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر انتھونی فاؤسی ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ازحد پریشان ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے خاتمے کے لیے مکمل طور پرلاک ڈاؤن نہیں کیا گیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر انتھونی فاؤسی نے دعویٰ کیا کہ شروع میں ہم نے کورونا وائرس پر قابو پا لیا تھا لیکن پھر ہم نے دوبارہ ملک کھولنا شروع کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کورونا کا زیادہ پھیلاؤ لاک ڈاؤن نہ ہونے کی وجہ سے ہوا۔

امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤسی نے کہا کہ کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اس کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام امریکیوں کو چاہیے کہ وہ سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور ماسک کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ممتاز امریکی ڈاکٹر انتھونی فاؤسی کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری کے لیے پرامید دکھائی دیے تاہم ان کا کہنا تھا کہ سال رواں کے آخر تک کم از کم ایک کورونا ویکسین تیار ہو جائے گی۔ ڈاکٹر انتھونی فاؤسی نے یکم جولائی کو کہا تھا کہ اگر امریکہ میں یومیہ ایک لاکھ کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے لگیں تو انہیں قطعی حیرت نہیں ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 874294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874294/امریکہ-میں-کورونا-کا-زیادہ-پھیلاؤ-لاک-ڈاؤن-نہ-ہونے-کی-وجہ-سے-ہوا-ڈاکٹر-انتھونی-فاؤسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org