0
Tuesday 14 Jul 2020 17:56

حکومت نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا

حکومت نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ نے گیس اور کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور عیدالضحیٰ ایس او پیز پر بریفنگ اور وفاقی کابینہ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی، وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا جبکہ وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہر صورت ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں کے الیکٹرک کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، وفاقی وزیر اسد عمر اور امین الحق نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو پہلے بجلی نہیں مل رہی، اوپر سے قیمتیں بڑھانا نامناسب ہے جس پر وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا جبکہ کابینہ نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا نے درآمدی گیس کی مد میں 73 ارب روپے گھریلو اور کمرشل صارفین سے وصول کرنے کی بھی مخالفت کی جس پر  کابینہ نے گیس صارفین پر 73 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تجویز بھی موخر کر دی۔ اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے ہوٹلز اور مارکیز کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹلز بند ہونے سے ان میں کام کرنے والے غریب ملازم بہت متاثر ہو رہے ہیں، ایس او پیز کے تحت ہوٹلز کھولے جائیں۔ واضح رہے کہ ای سی سی نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی ایک روپیہ 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے اور درآمدی گیس کی مد میں 73 ارب روپے گھریلو، کمرشل صارفین سے وصول کرنے کی تجویز دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 874406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش