0
Tuesday 14 Jul 2020 23:03

پنجگور، سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار شہید آٹھ زخمی

پنجگور، سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار شہید آٹھ زخمی
اسلام ٹائمز۔ دہشت گردوں نے پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں تین جوان شہید اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پانچ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کوسی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں دو دن قبل سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ پاک فوج کے چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے قریب خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے جب علاقے کو گھیرے میں لیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی تھی۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے چار اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ شہدا میں سپاہی محمد اسماعیل، محمد شہباز، رضوان اور وحید شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ پناہ گاہ میں چھپے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید ہوانے والے تینوں جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بہادرسپوتوں نے اپنی قیمتی جانیں وطن کے امن کے لیے قربان کیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جام شہادت نوش کرنے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 874465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش