QR CodeQR Code

گورنر سندھ کا کے الیکٹرک کی اوور بلنگ پر چیئرمین نیپرا کو خط

14 Jul 2020 23:28

خط میں عمران اسماعیل نے لکھا کہ بدقسمتی سے کراچی الیکٹرک کا صارفین سے رویہ اجارہ داری والا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے اوور بلنگ عام آدمی کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے جب کہ کے الیکٹرک عوام کو اوور بلنگ پر شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے پہلے بل ادا کرنے کے لئے کہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کی اوور بلنگ پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین کو خط لکھ دیا۔ گورنر سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر کے الیکٹرک سے متعلق شکایات بھیجتی ہے جن میں سے اکثر شکایات اوور بلنگ کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ بدقسمتی سے کراچی الیکٹرک کا صارفین سے رویہ اجارہ داری والا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے اوور بلنگ عام آدمی کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے جب کہ کے الیکٹرک عوام کو اوور بلنگ پر شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے پہلے بل ادا کرنے کے لئے کہتی ہے۔ گورنر سندھ کے خط میں کہا گیا ہے کہ عوام کو کنکشن کٹنے سے بچانے کے لئے پہلے بل بھرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین کی بھی یہی شکایت ہے اور تمام شکایات کی تحقیقات کی اشد ضرورت ہے۔

گورنر سندھ نے خط میں مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے خلاف اوور بلنگ کی شکایات پر آڈٹ کرایا جائے، جو شکایت درست ثابت ہوں، انہیں ری فنڈ کیا جائے اور اس حوالے سے فوری احکامات جاری کئے جائیں۔ واضح رہے کہ 11 جولائی کو گورنر ہاؤس میں گورنر عمران اسماعیل کی سربراہی میں کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کے حکام اور چیئرمین نیپرا بھی شریک ہوئے تھے۔ اسد عمر اور گورنر سندھ نے اعلان کیا تھا کہ 12 جولائی سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی لیکن ان کے دعوؤں کے برعکس شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 874475

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874475/گورنر-سندھ-کا-کے-الیکٹرک-کی-اوور-بلنگ-پر-چیئرمین-نیپرا-کو-خط

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org