1
Tuesday 14 Jul 2020 23:47

ہمیں امریکی فوج ہی عسکری تربیت اور جنگی اہداف فراہم کرتی تھی، شام میں گرفتار دہشتگردوں کا اعتراف

ہمیں امریکی فوج ہی عسکری تربیت اور جنگی اہداف فراہم کرتی تھی، شام میں گرفتار دہشتگردوں کا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ روسی خبررساں ایجنسی "رشیا ٹوڈے" (RT) کے مطابق شامی جیلوں میں قید بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم کے مسلح جنگجوؤں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں امریکی فوجیوں نے عسکری تربیت فراہم کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شامی حکومت کے ساتھ برسرپیکار، بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم "مغاویر الثورہ" کے 3 مسلح جنگجو جو چند روز قبل شامی افواج و عوامی مزاحمتی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے، نے اپنے اعترافی بیان میں امریکی فورسز کے ذریعے حاصل کی جانے والی عسکری تربیت اور جنگی ہدایات سے پردہ اٹھایا ہے۔ شام میں گرفتار ان دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں قابض امریکی فورسز کی جانب سے خاص دہشتگردانہ کارروائیوں میں استعمال کیا جاتا تھا جبکہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے دوران ان کی ذمہ داری شامی سرزمین پر روسی و ایرانی فورسز کے بارے اطلاعات جمع کرنا تھی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شامی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے "عبداللہ المشوات" نامی بین الاقوامی دہشتگرد نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے امریکی انسٹرکٹرز کے ذریعے فوجی ٹریننگ حاصل کی ہے اور انہی سے پیشرفتہ اسلحے کا استعمال بھی سیکھا ہے۔ اس دہشتگرد نے شامی سکیورٹی فورسز کو بتایا کہ شامی حکومت کے ساتھ برسرپیکار بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم "مغاویر الثورہ" کے زیر استعمال تمام کا تمام اسلحہ امریکی ہے جبکہ بعض شامی انسٹرکٹرز کے علاوہ امریکی فوجی ہی انہیں مختلف قسم کے پیشرفتہ اسلحے کے استعمال کی ٹریننگ مہیا کرتے تھے۔ عبداللہ المشوات نے کہا کہ امریکی ہمارے ٹریننگ پروگرام کی مکمل نگرانی کرتے اور ہمیں خاص جنگی ہدایات اور کارروائی کے اہداف بھی فراہم کرتے تھے۔ اس نے کہا کہ ملنے والی فوجی ٹریننگ سخت ہوتی تھی جو مسلسل 2 سے 3 گھنٹے تک جاری رہتی تھی۔

شامی سکیورٹی فورسز نے "مغاویر الثورہ" نامی بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم کے ان مسلح جنگوؤں کو چند روز قبل ہی ملک کے شمال مغربی علاقوں سے گرفتار کرنے کے بعد شہر "تدمر" میں منتقل کر دیا تھا جبکہ گرفتار شدہ دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کو یہ بھی بتایا کہ انہیں بنیادی طور پر امریکی اسلحے کے ذریعے تربیت دی جاتی جبکہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے دوران انہیں روسی اسلحہ دے کر بھیجا جاتا تھا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں بھی شام کے اندر برسرپیکار مختلف بین الاقوامی دہشتگرد تنظیموں کے گرفتار جنگجو بارہا اعتراف کر چکے ہیں کہ انہیں امریکی فوجی عسکری تربیت، بھاری رقوم اور اسلحہ فراہم کر کے شامی عوام و حکومت کے خلاف پہلے سے طے شدہ دہشتگردانہ کارروائیوں پر بھیجتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 874483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش