0
Wednesday 15 Jul 2020 01:52

نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع نہیں ہوگا، میئر کراچی

نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع نہیں ہوگا، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں کو پہلے مکمل کیا جائے اور ان پر کام کی رفتار میں اضافہ کیا جائے، جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے تک نئے منصوبوں پر کام کا آغاز نہیں کیا جائے گا، 250 ملین روپے کی لاگت سے نئے مالی سال میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، فٹ پاتھ، سیوریج کی لائنوں، پلوں اور چورنگیوں کی تعمیر و مرمت کے لئے بھی 250 ملین روپے نئے مالی سال میں خرچ کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ انجینئرنگ کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کراچی کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میئر نے مزید کہا کہ 120 ملین روپے کی لاگت سے مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ وسیم اختر نے ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز اور تمام اضلاع کے چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ ازخود کاموں کی نگرانی کریں اور جلد سے جلد ان منصوبوں کو اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ وہ مکمل ہونے کے بعد دیرپا ثابت ہوں، غریب آباد، لیاقت آباد اور ناظم آباد انڈر پاسز میں لگائی جانے والی ٹائلز کے کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ انڈر پاسز کی خوبصورتی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے جو ترقیاتی کاموں کے باعث متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر سڑکوں کی تعمیر سے قبل کے ایم سی اپنے اخراجات سے سیوریج کی لائنیں تبدیل کر رہی ہے، یہ لائنیں تبدیل کئے بغیر سڑک بنانا لاحاصل ہے، اگر سیوریج کی لائنیں تبدیل نہ کی گئیں تو سڑکوں پر لگائے جانے والے کروڑوں روپے ضائع ہوں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے 38 بڑے نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے، جو ورلڈ بینک اور حکومت سندھ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 874490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش