0
Wednesday 15 Jul 2020 07:58

پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، مسعود خان

پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان آزادکشمیر کے خلاف کسی قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یوم شہداء کشمیر ایسے المناک حالات میں منایا، جب کشمیریوں کو یہ دن سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دوسرے علاقوں میں بھی منانے کی اجازت نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی علیحدہ شناخت کو ختم کرنے کے بعد اب کشمیر کی مسلم شناخت بھی ختم کرنے پر تل گئی ہے اور وہاں نئے ڈومیسائل قوانین نافذ کر کے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ ریاست میں آباد کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزادکشمیر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرنے اور بی جے پی، آر ایس ایس کی دہشتگردی کی مشین کو زمین بوس کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی نظریں دنیا کی پارلیمانز، سول سوسائٹی اور اقوام متحدہ پر مرکوز ہیں۔ عالمی برادری اب زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عملی اقدامات اْٹھائے کیونکہ بھارت کے مظالم اور عالمی برداری کی بے رخی کے باعث کشمیر کے نوجوانوں میں غم و غصہ اور بے چینی اب اتنہا کو چھو رہی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور قتل و غارت کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کیلئے کورونا سے زیادہ بی جے پی، آر ایس ایس کی فسطائی حکومت ایک وبا ہے جس نے اس سال جنوری سے جون تک 148 بیگناہ کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی و معذور کیا اور ہزاروں دوسرے شہریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر رکھا ہے جہاں اْنہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 874503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش