QR CodeQR Code

ایران اور چین معاہدے سے پاکستان کی مغربی سرحدیں محفوظ ہوگئی ہیں، مشاہد حسین

15 Jul 2020 09:23

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا کہنا تھا کہ ایران اور چین کا قریب آنا پاکستان کیلئے خوش آئند بات ہے، پاکستان کو تزویراتی جگہ ملنے کے ساتھ خطے میں پوزیشن بھی مضبوط ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ ایران اور چین کا قریب آنا پاکستان کے لئے خوش آئند بات ہے، ایران کا ہندوستان کو چاہ بہار بندرگاہ منصوبے سے نکالنا بڑی پیشرفت ہے، اس سے ہندوستان کے پاکستان، سی پیک اور گوادر بندرگاہ کیخلاف اقدامات کو دھچکا پہنچے گا، ایران اور چین معاہدے سے پاکستان کی مغربی سرحدیں محفوظ ہوگئی ہیں۔ پاکستان کو تزویراتی جگہ ملنے کے ساتھ خطے میں پوزیشن بھی مضبوط ہوگئی ہے، لداخ میں چین کے ہاتھوں پٹائی سے بھی ہندوستان کو سبق ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں کیا۔

مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے دور میں پورے خطے سے امریکا کا انخلاء ہو رہا ہے، ٹرمپ صدارتی انتخابات میں کامیابی کی امید میں چین کی مخالفت کر رہا ہے۔ چین کا ایران کے ساتھ تیل کی فراہمی کا معاہدہ ڈالرز میں نہیں آر ایم وی کرنسی میں ہوا ہے، ایسے معاہدوں سے دنیا پر ڈالر کی اجارہ داری ختم ہو رہی ہے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ گوادر پورٹ کا چاہ بہار سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، چاہ بہار ایک چھوٹی سی بندرگاہ ہے جبکہ گوادر ڈیپ سی پورٹ ہے، اس کی بڑی اسٹریٹجک اہمیت ہے۔ چاہ بہار گوادر سے 120کلومیٹر دور ہے، ہمارا اچھا تعاون ہونا چاہیئے، پاکستان کو خدشہ تھا کہ ہندوستان چاہ بہار کے راستے بلوچستان، سی پیک اور گوادر کو غیر مستحکم کرے گا، اب یہ خدشہ ختم ہوگیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 874514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874514/ایران-اور-چین-معاہدے-سے-پاکستان-کی-مغربی-سرحدیں-محفوظ-ہوگئی-ہیں-مشاہد-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org