QR CodeQR Code

خسرو بختیار نے خسرو ہی رہنا ہے امیر خسرو نہیں بن سکتے، روف خان ساسولی

15 Jul 2020 11:49

بلوچ قبائلی رہنما کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے بعد اب تحریک انصاف نے بھی قوم کو مایوس کیا ہے، جنہوں نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کئے کہ جس سے ان کی تعریف کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جمہوری وطن پارٹی کے سابق مرکزی سیکریٹری جنرل و سینئر بلوچ رہنما روف ساسولی نے کہا ہے کہ بہاولپور میں سب سول سیکریٹریٹ بنانے کے لئے زور آور کے مفادات وابستہ ہیں جبکہ ملتان کے لئے کمزور طبقہ ہے اسی لئے سرائیکی بھائی آپس میں نہ لڑیں۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی پوزیشن سوائے ایک کمشنر سے زیادہ نہیں، ڈی جی خان اور راجن پور بلوچستان کا حصہ ہیں اسی لئے انہیں بلوچستان میں شامل کیا جائے، اسی لئے تہذیبی، ثقافتی اور جغرافیائی حدبندیوں کو ازسرنو درست کیا جائے، عوام پہلے ہی معاشی بدحال کا انتہا کی حدتک شکار تھے کرونا نے ان کی زندگی مزید اجیرن کردی ہے۔ اپنے ایک بیان میں روف ساسولی نے مزید کہا کہ خسرو بختیار نے خسرو ہی رہنا ہے امیر خسرو نہیں بن سکتے، جو اب الگ صوبے کی جدوجہد کی بجائے چینی بحران سے اپنی جان بچانے کے لئے مصروف ہیں۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے بعد اب تحریک انصاف نے بھی قوم کو مایوس کیا ہے جنہوں نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کئے کہ جس سے ان کی تعریف کی جائے، آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ملک میں ایک ایسی نئی جمہوری سیاسی جماعت کا قیام عمل میں لایا جائے جس میں مڈل کلاس باصلاحیت طبقہ کو آگے لایا جائے جو ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے بہترین معاون ثابت ہوں، آج بھی بڑی جماعتوں کی دعویداروں میں نوراکشی کا سماں ہے، ان کے پاس عوام کی خوشحالی کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے میں مصروف ہیں اور الزامات کی سیاست کررہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں مزید مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ نئی قیادت کی راہ دیکھ رہے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 874551

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/874551/خسرو-بختیار-نے-ہی-رہنا-ہے-امیر-نہیں-بن-سکتے-روف-خان-ساسولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org