0
Thursday 16 Jul 2020 02:03

تین دن ہوگئے تحریک انصاف نے میرے سوالوں کے جواب نہیں دیئے، بلاول بھٹو زرداری

تین دن ہوگئے تحریک انصاف نے میرے سوالوں کے جواب نہیں دیئے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج تیسرا دن ہوگیا تحریک انصاف نے میرے اٹھائے گئے سوالات کے جواب نہیں دیئے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزیروں کے فرنٹ مین بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن میں ملوث ہیں۔ بلاول نے کہا کہ عمران خان اور ان کے فرنٹ مین کے الیکٹرک کی کرپشن کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کی بہن کی کرپشن کا معاملہ بھی اٹھایا، مگر کوئی جواب نہیں ملا، پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے میں نے سوال اٹھائے مگر نیب اور عدالتیں خاموش ہیں۔ بلاول نے مزید کہا کہ اس سلیکٹڈ حکومت کی کرپشن نے ساری حدیں پار کردی ہیں، بی آر ٹی پروجیکٹ کرپشن کی مثال بن چکا ہے اور اس کے ٹھیکیداروں کو مزید ٹھیکے دیئے جا رہے ہیں، پی آئی اے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا اے ٹی ایم ابراج گروپ اور کے الیکٹرک مل کر کراچی کے عوام کا خون چوس رہے ہیں جبکہ نیب اس کرپشن کی طرف دیکھ ہی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے اور بیروزگاری روزانہ کی بنیادی پر بڑھتی جا رہی ہے اور عوام خود کشیاں کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ملک میں زبردستی اغواء کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے یاد دلایا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اقتدار میں آنے سے پہلے یہ اعلان کرتے تھے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے وہ قانون سازی کریں گے لیکن اب دو سال کے دوران اگر کوئی بھی شہری ریاستی بیانیہ سے اختلاف کرتا ہے تو اسے آزادی سے غائب کردیا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اٹھارہویں ترمیم میں ردوبدل کرنے اور این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے پر حکومت کو متنبہ کیا اور کہا کہ اب عمران کے حکومتی اتحادی سب مل کر این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کی بات کر رہے ہیں، ایسا کرنے سے ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور صوبے آئین میں گارنٹی شدہ حصے سے کم لینے پر تیار نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 874720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش