0
Friday 17 Jul 2020 15:49

وزیر اعظم جلد گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کرینگے، راجہ جلال

وزیر اعظم جلد گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کرینگے، راجہ جلال
اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ چلاس سے متعلق ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے اس دور افتادہ علاقے کے دورے کے دوران دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر کے اس علاقے سے لگائو اور گہری وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم کا یہ عظیم منصوبہ پچھلی حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے تعطل کا شکار رہا لیکن وفاقی حکومت نے آبی ذخائر اور ہائیڈرو پاور سیکٹر کے اہم منصوبوں پر تیزی سے کام شروع کیا ہے اور وفاقی حکومت اور چیئرمین واپڈا کی مسلسل محنت اور دلچسپی کی وجہ سے دیامر بھاشا ڈیم پر بھی باقاعدہ کام کا آغاز ہوا ہے۔ اس ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہو گی بلکہ لاکھوں ایکڑ بنجر اراضیات بھی آباد ہوں گی جس سے ملکی زراعت اور معیشت کے شعبوں میں نمایاں ترقی ہوگی۔

گورنر جی بی کا مزید کہنا تھا کہ دیامر ڈیم پاکستان میں بجلی کی قلت کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ نیز اس منصوبے سے سولہ ہزار افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، یہ منصوبہ پاکستان میں ترقی کا انقلاب لائیگا۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ دورہ چلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے لئے PSDP کے ذریعے اہم ترقیاتی منصوبے جن میں شونٹر پاس، بٹوگاہ ویلی روڈ، بابوسر ٹنل اور شتونگ نالہ کی Diversion سمیت دیگر اہم منصوبوں کو منظور کریں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد گلگت بلتستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ راجہ جلال حسین نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جلد گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کریں گے اور عوامی خواہشات کے مطابق جی بی کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے احکامات دینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں ضلع دیامر کے غیور عوام کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اہم منصوبے کی تعمیر کے لئے اپنی قیمتی اراضیات اور رہائشی مکانات کی قربانی دیکر فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 874971
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش