0
Friday 17 Jul 2020 22:59

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے مالیاتی حقوق کا سودا کر چکی ہے، مشتاق خان

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے مالیاتی حقوق کا سودا کر چکی ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اٹھارویں ترمیم کے خاتمہ کیلئے سازشوں  میں مصروف ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کر تے ہیں۔ 18ویں ترمیم وفاق کی مضبوطی اور استحکام کی ضامن ہے، جس پر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور اس پر یکسو ہیں، جس کو چھیڑنے کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ 18ویں ترمیم آئین کی بالا دستی، جمہوریت کے استحکام، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی، صوبوں کی مالی خود مختاری اور مقتدر قوتوں کے غیر آئینی اقدامات کے روک تھام کا نام ہے، جس سے وفاق سے منسلک اکائیوں میں موجود احساس محرومی کا خاتمہ ہوا ہے، اس وجہ سے سینیٹ کے فلور پر آرٹیکل 160/3A میں ترمیم کے مجوزہ بل کی مخالفت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبہ کی مجموعی سیاسی اور تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی اور مرکزی حکومتیں ہر شعبہ میں میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ مہنگائی،  بیروزگاری اور غربت میں ہوشربا اضافہ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ایک کے بعد ایک مصنوعی بحران سے گندم، پٹرول، ادویات، چینی مافیاز نے اربوں روپے لوٹے ہیں، جنہیں حکومتی سرپرستی حاصل ہے، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے مالیاتی حقوق کا سودا کر چکی ہے، این ایف سی میں کمی اور نیٹ ہائیڈل منافع کے 500 ارب مرکز نے روک رکھے ہیں جبکہ ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا عمل مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ انضمام کے وقت جو پورا پیکج اعلان کیا گیا تھا اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی سب سے منظم،  نظریاتی اور متوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے، جس کی پوری تاریخ امانت، بے لوث خدمت اور جدوجہد سے عبارت ہے۔ جس کے پاس مخلص کارکنوں اور دیانت دار قیادت کی ٹیم ہے جو ملکی مسائل کا ادراک اور حل کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 31 اگست تک پورے صوبہ میں ویلج کونسل کی سطح تک تنظیم سازی مکمل کر کے بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی اور جماعت اسلامی متوقع بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔
خبر کا کوڈ : 875062
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش