0
Friday 17 Jul 2020 23:16

مون سون کا دوسرا اسپیل، کراچی میں موسلادھار بارش، شہر ڈوب گیا

مون سون کا دوسرا اسپیل، کراچی میں موسلادھار بارش، شہر ڈوب گیا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد اہم سڑکیں زیر آب آگئیں، ماہرین نے اربن فلڈ کا خدشہ ظاہر کردیا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد نکاسی کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے آدھا شہر پانی میں ڈوپ گیا، شارع فیصل پر نکاسی کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر ڈھائی سے تین فٹ پانی کھڑا ہوا۔ شارع فیصل پر چودہ مقامات پر بارش کا پانی ریلے کی صورت میں بہتا رہا، ریجنٹ پلازہ، ایف ٹی سی، نرسری، لال کوٹھی، کارساز فلائی اوور، ڈرگ روڈ اسٹیشن، اسٹار گیٹ اور ایئرپورٹ پر بارش کا پانی جمع ہوا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح سے متاثر ہوا۔ اس سے قبل کراچی میں ہونے والی بارشوں کے وقت متاثرہ مقامات پر کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی)، ڈی ایم سی اور محکمہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے سکنگ پمپ نصب کئے جاتے تھے جن کی مدد سے پانی کی نکاسی ہوتی تھی البتہ حالیہ بارشوں میں ایک بھی پمپ نصب نہیں کیا گیا۔

بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوا، کراچی کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل، ڈینسول ہال، زینب مارکیٹ اور میٹروپول پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی۔ دوسری جانب بہاردر آباد، ملینیم مال، صدر، ایم اے جناح روڈ، دو تلوار اور تین تلوار پر بارش کے پانی کی وجہ سے  ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، اسی طرح کلب روڈ، ایوان صدر روڈ، شاہین کمپلکس، ملیر کالا بورڈ اور محمود آباد میں بھی ٹریفک جام ہے جبکہ راشد منہاس روڈ، کورنگی روڈ، شاہراہ پاکستان، نشتر روڈ اور پریڈی اسٹریٹ پر بھی بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیاں چلانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ قبل ازیں شہر میں بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک نے کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع کردی اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ کھبموں، تاروں کی طرف نہ جائیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  آج شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں اکتالیس اور لانڈھی میں چالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، فیصل بیس پر 32 ، جناح ٹرمینل 13 اعشاریہ 8 اور ناظم آباد میں 8 اعشاریہ 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح گلشن حدید میں 4 اور پی اے ایف بیس مسرور میں 3 اعشاریہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے قبل شہر میں تیز ہوائیں اور آندھی چلی، پی اے ایف بیس مسرور پر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ اور فیصل بیس پر 62 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جبکہ جناح ٹرمینل پر ریکارڈ ہونے والی ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
خبر کا کوڈ : 875072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش