0
Saturday 18 Jul 2020 18:49

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کو سرینہ چوک تک جانے کی اجازت دے دی

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کو سرینہ چوک تک جانے کی اجازت دے دی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر سے مطالبات کے حق اسلام آباد پہنچے ہوئے تاجروں کو کامیاب مذاکرات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سرینہ چوک تک جانے کی اجازت دے دی ہے۔ تاجروں کی جانب سے سرینہ چوک پر جاکر احتجاج ختم کرنے کی شرط پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے تاجروں کو سرینہ چوک جانے کی اجازت دے دی۔ تاجر قافلے کی شکل میں سرینہ چوک پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل گاریوں کے قافوں میں اسلام آباد پہنچنے کے بعد تاجروں نے کشمیر ہائے وے کے ایک ٹریک کو بند کردیا تھا۔ آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے بینر تلے ’’ہارن بجاو حکمران جگاو” احتجاجی تحریک کے تحت ملک بھر سے تاجر گاڑیوں میں ریلیوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچے ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں سے تاجر وزیراعظم ہاوس کی طرف مارچ کرنے کے لیے اسلام آباد آئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق چھ سو سے زائد گاڑیوں پر مشتمل ریلی لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی تاجر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے تاجروں کو زیرو پوائنٹ پر روک دیا تھا۔ اسلام آباد انتظامیہ نے زیروپوائنٹ کے پاس کشمیر ہائے وے کو بند کردیا تھا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی تھی۔ اسلام آباد انتظامیہ نے کنٹینر لگاکر تاجروں کو وزیراعظم ہاوس کی طرف مارچ کرنے سے روک دیا تھا۔ بکتربند گاڑیاں اور قیدی وینز کشمیر ہائی وے پر پہنچا دیے گئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق تاجروں کی اسلام آباد کی طرف آنے والی ریلیوں کو روکنے کے لیے فیض آباد اور کشمیر ہائی وے بند کر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ساڑھے 3 سے ساڑھے 6 تک زیرو پوائنٹ سے سرینہ تک روڈ بند رہے گی۔

اس سے قبل اسلام آباد روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے سربراہ نعیم میر نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں تاجروں کے لیے کچھ نہیں دیا ہے۔ یہ حکومت بلکل تاجر دوست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین روز میں زیرو پوائنٹ سے وزیر اعظم ہائوس کی طرف مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ گزشتہ روز آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی و صوبائی قائدین کی ویڈیو کانفرنس ہوئی تھی جس میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد حکومت کو گرانا نہیں بلکہ ان کو جگانا ہے تاکہ وہ ہمارے مسائل حل کریں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تاجروں کا کاروبار کے اوقات کار بڑھانے اور ایس اوپیز کے تحت بند کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے۔
 
خبر کا کوڈ : 875228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش