0
Sunday 19 Jul 2020 21:59

آٹے ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عمران حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے، جماعت اسلامی

آٹے ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عمران حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ملک بھر خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں ایک بار پھر آٹے کے بحران اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں عوام رل گئے ہیں، بحران در بحران کی وجہ سے لوگوں کا جینا دو بھر، جبکہ آٹا بحران کی وجہ سے لوگ دوقت کی روٹی کیلئے بھی خوار ہو رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیٹرول سے لیکر آٹے تک وزیراعظم عمران خان جس چیز کا بھی نوٹس لیتے ہیں، ان کی قیمتیں کم ہونے کی بجائے آسمان پر چلی جاتی ہیں، لگتا ہے کہ حکومت چینی آٹا مافیا کے ہاتھوں یرغمال یا ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت میں تبدیلی اور خوشحالی، دو نہیں ایک پاکستان کے خوشنما نعروں کی تعبیر مہنگائی، بیروزگاری، بدترین لوڈشیڈنگ کی شکل میں میں عوام کیلئے ناسور بن چکا ہے، ساٹھ لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے باجود آٹے کا بحران اور فی کلو 70 روپے تک اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ آٹا مافیا، چینی مافیا اور کبھی پیٹرول مافیاز کی جانب سے حکومت رٹ کو چیلنج اور عوام کیلئے مہنگائی کا عذاب موجودہ حکومت کے سیاہ کارنامے ہیں، ایک جانب کورونا کی وجہ سے بیروزگاری اور معاشی ابتری کی وجہ سے کئی خاندان فاقہ کشی کا شکار ہیں، تو دوسری جانب آٹے کا بحران پیدا کرکے عوام کو دو وقت کی روٹی کیلئے بھی لائنوں میں کھڑا ہونے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ اور پی ٹی وی ٹیکس کو 35 کی بجائے 100 روپے تک کا اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر 21 ارب روپے کا ڈاکہ موجودہ حکومت کی بے حسی اور عوام دشمن پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ریاستیں اور حکومت عوام کے مسائل کو کم کرنے، بنیادی ضروریات زندگی سستی اور وافر مقدار میں فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی ہیں، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں ہر آنے والی حکومت اور حکمرانوں نے عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے قومی خزانے کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے بے ذریغ استعمال اور عیاشیوں کیلئے خرچ کیا ہے۔

صوبائی امیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ارب پتی اور دُہری شہریت کے حامل مشیروں کی طرف سے ”سب اچھا ہے“ کا راگ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ صوبائی امیر نے عمران حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں کمی اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقنی بنایا جائے، ادویات کی قیمتوں میں مجوزہ دس فیصد اضافے کا عوام دشمن فیصلہ واپس لیکر عام آدمی کو زندہ درگور ہونے سے بچانے کیلئے مؤثر اور ہنگامی اقدامات کئے جائیں، تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 875377
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش