QR CodeQR Code

کراچی میں جیالے بھی کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پر آگئے

19 Jul 2020 22:52

احتجاج سے خطاب میں پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ الیکشن مہم میں عارف نقوی نے تحریک انصاف کو فنڈنگ کی، اسی لئے وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کچھ نہیں کہتی، کے الیکٹرک نے ابھی تک اپنا سسٹم اپ گریڈ نہیں کیا جبکہ اس مد میں اربوں روپے ہضم کرچکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کے لیکٹرک کے خلاف وفاقی حکومت کوئی اقدام نہیں کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیمپ لگا کر احتجاج کیا جا رہا ہے جو صرف ڈرامہ ہے۔ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے الزام عائد کیا کہ کے الیکٹرک کے مالک کے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر احسانات بہت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حیسکو اور سیپکو کی جانب سے بھی 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی اصل رپورٹ حکومت سندھ نے جاری کی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک وزیر کو چیزوں کا علم ہی نہیں لیکن انہوں نے جھوٹے کاغذات اسمبلی میں لہرائے۔ صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ کے ایشوز پر ہمیشہ آواز بلند کی ہے اس لئے وفاقی حکومت کے نشانے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر مختلف الزامات بھی لگائے جاتے ہیں لیکن ہم کسی بھی قیمت پر سندھ کے مفادات کا سودا نہیں کریں گے۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ تین بار مینگروز کی کاشت کے حوالے سے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ارب سے زائد مینگروز لگائے گئے ہیں جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ الیکشن مہم میں عارف نقوی نے تحریک انصاف کو فنڈنگ کی، اسی لئے وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کچھ نہیں کہتی۔ وقار مہدی کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے ابھی تک اپنا سسٹم اپ گریڈ نہیں کیا جبکہ اس مد میں اربوں روپے ہضم کرچکی ہے، کے الیکٹرک کو سبق پاکستان پیپلز پارٹی سکھائے گی، پی ٹی آئی کی نالائق حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرنے والے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 875416

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/875416/کراچی-میں-جیالے-بھی-کے-الیکٹرک-خلاف-سڑکوں-پر-آگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org