QR CodeQR Code

شہباز، بلاول کو ایک دوسرے کا غم ہے، فیاض چوہان

20 Jul 2020 12:40

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ اے پی سی کو جتنا غیر متحدہ اپوزیشن نے بدنام کیا ہے، شاید ہی کسی نے کیا ہو، شہباز شریف کی سیاست صرف خط بازی اور بیان بازی جبکہ بلاول کی سیاست تقریروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سیاسی یتیمی کے دور سے گزرتے ہوئے شہباز شریف اور بلاول زرداری کو ایک دوسرے کا غم ہے، دونوں کی کہانی کرپشن کی ہے اور انہیں احتساب کا غم ہے۔ شہباز شریف اور بلاول زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطوں پر تبصرہ کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ "تیرا غم میرا غم اک جیسا صنم، ہم دونوں کی ایک کہانی" کے مصداق دونوں کے درمیان رابطے ہو رہے ہیں ، دونوں ایک دوسرے کے ساتھ چالاکی اور موقع پرستی کی سیاست کرنے کے چکر میں ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بڑے بھائی اور بھتیجی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے شہباز شریف پر بلاول اعتبار کرنے سے ہچکچا رہے ہیں، منظور پاپڑ فروش جیسے کردار سامنے آنے پر اپوزیشن کے آپس میں رابطے بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی کو جتنا غیر متحدہ اپوزیشن نے بدنام کیا ہے، شاید ہی کسی نے کیا ہو، شہباز شریف کی سیاست صرف خط بازی اور بیان بازی جبکہ بلاول کی سیاست تقریروں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ میری شہباز شریف اور بلاول زرداری سے گزارش ہے کہ کورونا کے خلاف اور معاشی استحکام کی جدوجہد میں حکومت کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کے نتیجے میں کورونا کیسز کی تعداد کم ہو رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 875511

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/875511/شہباز-بلاول-کو-ایک-دوسرے-کا-غم-ہے-فیاض-چوہان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org