0
Tuesday 21 Jul 2020 12:42

کراچی، بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کے سلیپر سیلز کو فنڈز پہنچانے والا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا

کراچی، بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کے سلیپر سیلز کو فنڈز پہنچانے والا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا
اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والے ملزم جنید کو گرفتار کرلیا، ملزم بھارتی ایجنسی’’را‘‘ کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ کی جانب سے ایک اور بڑی کارروائی میں حوالہ ہنڈی کا دوسرا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والے ملزم جنید کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم جنید کو دھوراجی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزم حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا منیجر ہے۔ حکام کے مطابق بھارتی ایجنسی’’را‘‘ کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کی جاتی تھی، رقم دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور ہتھیاروں کی خریداری میں استعمال ہوتی تھی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کا ایک نیٹ ورک پہلے بھی پکڑا جا چکا ہے، ملزم جنید کے دیگر ساتھی دبئی سے حوالہ ہنڈی کا سسٹم چلا رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ بھارت سے محمود صدیقی گروپ بذریعہ ای میل’’را‘‘ ملزمان کو ٹاسک دیتا ہے، آئی پی کے مطابق زیادہ تر ای میلز نئی دہلی سے بھیجی جاتی ہیں، کوڈ ورڈ آئی ڈی بھیجی جاتی ہے، جسے بتا کر رقم وصول کی جاتی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم جنید سے لیپ ٹاپ، یو ایس بی و دیگر سامان برآمد ہوا، گروپ کے دیگر ساتھیوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 875706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش