1
Tuesday 21 Jul 2020 14:19

چین مسئلۂ فلسطین کے عادلانہ راہِ حل کی پرزور حمایت کرتا ہے، گیو وی

چین مسئلۂ فلسطین کے عادلانہ راہِ حل کی پرزور حمایت کرتا ہے، گیو وی
اسلام ٹائمز۔ فلسطین میں تعینات چینی سفیر گیو وی (Guo Wei) نے اعلان کیا ہے کہ چین، مسئلۂ فلسطین کے ایسے عادلانہ راہ حل کی پرزور حمایت کرتا ہے جو خطے کے اندر امن و امان و استحکام کا ضامن بن سکے کیونکہ یہ (فلسطین) مغربی ایشیاء میں ایک بنیادی مسئلہ ہے۔ رام اللہ میں چینی سفیر نے فلسطینی سرکاری خبررساں ایجنسی "وفا" کے ساتھ گفتگو میں فلسطین کے اندر 2 حکومتوں کے قیام کے راہِ حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ سے مذاکرات کا شروع کیا جانا اہم ہے تاہم بین الاقوامی برادری کو فلسطین کے حوالے سے عادلانہ موقف اپنانا چاہئے۔ گیو وی نے اپنی گفتگو میں مسئلۂ فلسطین کے حتمی و جاودانہ حل میں چین کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے پر آمادگی کا عندیہ بھی دیا۔ دوسری طرف گذشتہ شب چینی صدر شی جن پنگ نے بھی فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے مسئلۂ فلسطین کے عادلانہ حل پر مبنی چینی موقف پر زور دیا اور کہا کہ چین خطے میں امن و امان کے قیام کے لئے موثر کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونیوں کی جانب سے فلسطین پر قبضے کی ابتداء سے ہی موجود غیر مساوی حالات اور امریکہ و اسرائیل کے ظلم و ناانصافی کی فضا میں فلسطینی فریق کی جانب سے نہ صرف مسلسل مذاکرات انجام دیئے جاتے رہے ہیں بلکہ اس مسئلے کے پرامن حل پر ہی زور دیا جاتا رہا ہے تاہم غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی قبضہ پالیسی میں نہ صرف ذرہ برابر کمی نہیں آئی بلکہ مسلسل اضافہ ہی ہوتا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوامی و سیاسی حلقوں کے اندر بھی یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ دفاعی اعتبار سے غیر مساوی صورتحال میں پرامن راہِ حل کا راگ الاپنے اور جارح طاقتوں کے ساتھ مسلسل اور بے نتیجہ مذاکرات کرنے سے قابض و بے ایمان طاقتوں کے حوصلے میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے مذموم "الحاقی منصوبے" کے اعلان کے بعد سے فلسطینی حکومت سمیت تمام عوامی و سیاسی حلقوں اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں نے امریکہ و اسرائیل کے ساتھ مزید مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 875722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش