0
Tuesday 21 Jul 2020 18:35

نقیب اللہ قتل کیس میں اہم موڑ، 2 گواہ بیانات سے منحرف ہوگئے

نقیب اللہ قتل کیس میں اہم موڑ، 2 گواہ بیانات سے منحرف ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ نقیب اللہ قتل کیس میں پراسیکیوشن کے دو اہم گواہ اپنے بیانات سے منحرف ہوگئے، جس کے بعد سماعت 28 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران پراسیکیوشن کے اہم گواہ شہزادہ جہانگیر نے انکشاف کیا کہ دفعہ 161 کا بیان زبردستی لیا گیا، اسی طرح دوسرے گواہ محمد آصف نے کہا کہ جس بیان کو مجھ سے منسوب کیا جا رہا ہے، وہ میرا ہے ہی نہیں۔ پہلے گواہ پولیس اہلکار محمد جہانگیر نے اپنے سابق بیان سے منحرف ہوتے ہوئے بتایا کہ پولیس مقابلے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچا تھا، لیکن ایس ایس پی عابد قائمخانی نے اپنے دفتر بلوا کر مرضی کے بیان کے لیے دباؤ ڈالا اور میرے انکار پر حبس بے جا میں رکھا، جس کے بعد میں جھوٹا بیان دینے پر مجبور ہوگیا۔

دوسرے گواہ پولیس اہکار آصف نے انکشاف کیا کہ جس دن مقابلہ ہوا، اس دن وہ ملیر کورٹ جے ایم 6 کی عدالت میں موجود تھا، پیش کیا جانے والا بیان اس کا نہیں ہے۔
عدالت نے گواہوں کے بیانات قلم بند ہونے کے بعد آئندہ سماعت 28 جولائی تک ملتوی کر دی، اگلی سماعت میں وکلا گواہوں کے بیانات پر جرح کریں گے۔ عدالت میں سماعت کے وقت سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار، ڈی ایس پی قمر اور دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 875775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش