QR CodeQR Code

دن دیہاڑے، سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں

اسلام آباد کے پوش علاقے سے سینیئر صحافی کو اغواء کر لیا گیا

پولیس یونیفارم پہنے اغوا کار سرکاری گاڑیوں میں سوار تھے

21 Jul 2020 18:45

اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطیع اللہ جان کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان کو کچھ ہوا تو وزیراعظم اور موجودہ حکومت ذمہ دار ہوگی، صحافت ریاست کا چوتھا ستون، دستور کی زبان اور عوامی آزادی کا نشان ہے، اس پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کو وفاقی دارالحکومت سے پولیس کی وردی میں ملبوس مبینہ سرکاری اہلکاروں نے اغواء کر لیا ہے۔ جس کے خلاف اپوزیشن اور صحافی تنظیموں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ صحافی مطیع اللہ جان کو اسلام آباد سے مبینہ طور پر اغواء کیا گیا ہے۔ مطیع اللہ جان منگل کی دوپہر اپنی اہلیہ کو اسکول سے لینے کے لیے جی سکس پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود پولیس کے باوردی اہل کاروں نے انہیں زبردستی اپنی گاڑی میں ڈال لیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ مطیع اللہ جان کی فیملی نے اس حوالے سے جب پولیس سے رجوع کیا تو انہوں نے کسی بھی قسم کی گرفتاری کی تردید کی۔ آخری خبریں موصول ہونے تک تھانہ آبپارہ میں مطیع اللہ جان کے اغواء کی ایف آئی آر نامعلوم افراد پہ درج کی جا چکی تھی۔ سیاسی رہنماؤں نے پولیس کے ہاتھوں صحافی کے اغواء کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطیع اللہ جان کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان کو کچھ ہوا تو وزیراعظم اور موجودہ حکومت ذمہ دار ہوگی، صحافت ریاست کا چوتھا ستون، دستور کی زبان اور عوامی آزادی کا نشان ہے، اس پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ مطیع اللہ جان کے اغوا کی خبروں پر مجھے تشویش ہے، سلیکٹڈ حکومت مطیع اللہ جان کی بحفاظت فوری واپسی کو یقینی بنائے، صحافی کا اغوا صرف میڈیا کی آزادی اور جمہوریت پر نہیں بلکہ ہم سب پر ایک حملہ ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ صحافی مطیع اللہ جان کو فوری بازیاب کرایا جائے، ریاست ماں کی مانند ہے، جو اپنے بچوں کا خیال رکھتی ہے، ایسے عمل کے ذریعے کسی کو بھی خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔


خبر کا کوڈ: 875798

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/875798/اسلام-ا-باد-کے-پوش-علاقے-سے-سینیئر-صحافی-کو-اغواء-کر-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org