0
Wednesday 22 Jul 2020 09:52

فرقہ واریت کے خاتمہ اور اتحاد امت کیلئے علماء کا مشترکہ جدوجہد کا اعلان

فرقہ واریت کے خاتمہ اور اتحاد امت کیلئے علماء کا مشترکہ جدوجہد کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سجادہ نشین درگاہ کوٹ مٹھن خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی زیرصدارت اتحادِ اُمت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق سمیت علماء مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس لاہور میں خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی رہائشگاہ پر اتحادِ اُمت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پردرگاہ عالیہ سندر شریف پیر حبیب عرفانی، درگاہ شرقپور شریف میاں جلیل احمد شرقپوری، درگاہ میاں میر سرکار پیر سید علی رضا گیلانی، کُل مسالک علماء بورڈ کے سربراہ مولانا محمد عاصم مخدوم، پیر اختر رسول قادری، پیر سیف اللہ، علامہ اصغر عارف چشتی، پیر منور وقاص مجددی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کا کہنا تھا کہ میری زندگی اتحادِ اُمت کیلئے وقف ہے۔ اُمت کے جوڑ کیلئے علماء و مشائخ کا گٹھ جوڑ بہت ضروری ہے۔ سجادہ نشین سندر شریف پیر سید حبیب عرفانی کا کہنا ہے کہ ملک کو مستحکم کرنے کیلئے تمام علماء و مشائخ کا اتحاد بلا رنگ و نسل بہت ضروری ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک اُمت ہونے کیلئے مدارس اور خانقاہوں کو ایک ہونے کی ضروت ہے، اگر ایک نہ ہوئے تو نقصان صرف ہمارا ہے۔ کانفرنس میں اتحادِ اُمت اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے علماء و مشائخ کے اتحاد کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر کہا کہ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد امت کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی، متنازع اور فرقہ وارانہ تقریریں کرنیوالے شرپسندوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا، انہیں کسی تقریب یا اجتماع میں شرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔ علماء و مشائخ کا کہنا تھا کہ اہلسنت بھی اہلبیتؑ کو دل و جان سے مانتے ہیں، سیدہ کائناتؑ سمیت کسی کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔ علماء کا کہنا تھا کہ اشرف جلالی کے معاملے پر اس کیساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔
خبر کا کوڈ : 875849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش