0
Wednesday 22 Jul 2020 12:45

عہدہ سنبھالنے کے پہلے روز ہی مسلمانوں پر پابندی کا خاتمہ کروں گا، جوبائیڈن

عہدہ سنبھالنے کے پہلے روز ہی مسلمانوں پر پابندی کا خاتمہ کروں گا، جوبائیڈن
اسلام ٹائمز۔ ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ صدر کے عہدے پر آنے کے پہلے دن ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی مسلمانوں پر پابندی کو کالعدم قرار دیں گے اور ایسے اقدامات کی وجہ سے ہونے والے معاشرتی نقصانات کو ختم کرنے کے لیے مسلمانوں کے ساتھ شراکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی مسلمانوں کی وکالت کرنے والی تنظیم انگیج ایکشن سے خطاب میں سابق نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت مسلمان سب سے پہلے حملوں کا شکار ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے الفاظ، اپنی پالیسیوں، اپنی تقرریوں اور اپنے کاموں کے ذریعے پورے ملک میں نفرت کے شعلوں کو جنم دیا ہے، میں عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن ہی مسلمانوں پر پابندی کو کالعدم کر دوں گا۔

واضح رہے کہ جنوری 2017ء میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدہ سنبھالنے کے پہلے ماہ کے دوران سات مسلم اکثریتی ممالک کے سفر پر پابندی عائد کی تھی۔ اس پابندی کو عدالتوں میں چیلنج کیا گیا تھا اور اس میں چند غیر مسلم ممالک جیسے شمالی کوریا اور وینزویلا کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ مختلف عدالتوں کے بعد بالآخر امریکی سپریم کورٹ نے اس حکم کو برقرار رکھا تھا۔ امریکی میڈیا نے اس حکم کو مسلمانوں پر پابندی قرار دیا تھا کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے بھی عارضی طور پر مسلمانوں کو امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکی صدر نے اس کی وجہ بتائی تھی کہ یہ پابندیاں امریکیوں کو آئندہ دہشت گردانہ حملوں سے بچانے کے لیے ضروری ہیں۔

تنظیم کے سامنے اپنی تقریر میں جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات عائد کیے کہ وہ نفرت کے شعلوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اسکولوں میں بچوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور نفرت انگیز جرائم میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرمپ انتظامیہ کے تحت ہم نے اسلامو فوبیا میں غیر معمولی اضافہ دیکھا ہے۔ جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ محکمہ دفاع اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) میں اہم عہدوں پر اسلاموفوبیا پھیلانے والوں کی تقرری کی ہے۔ جو بائیڈن نے عہد کیا کہ وہ کانگریس کے ساتھ نفرت انگیز جرائم کی حوصلہ شکنی اور حکام کے ذریعہ مذہبی اور نسلی تبلیغ کو ختم کرنے کے لیے قانون سازی پر کام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 875918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش