0
Wednesday 22 Jul 2020 13:06

15 اگست سے صوبے میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا، سندھ حکومت کا اعلان

15 اگست سے صوبے میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا، سندھ حکومت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا رہا ہے، تاہم پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔ سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہت لوگ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ختم ہوگیا ہے، ابھی بھی کورونا کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے، اگر احتیاط نہیں برتی تو کیسز بڑھ سکتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کر رہے ہیں، عملی طور پر پی ٹی آئی اپنے نعرے سے منحرف ہوکر ایک نہیں دو پاکستان پر عمل کر رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپوزیشن کیلئے الگ قانون اور حکمران جماعت کیلئے علیحدہ قانون ہے، چینی اسکینڈل کی رپورٹ میں شوگر کمیشن خود کہتا ہے کہ پاکستان میں چینی کی قیمت بڑھنے کی ایک وجہ چینی برآمد کرنا تھا، جبکہ چینی برآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا اور وفاقی حکومت کا سربراہ عمران خان نیازی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے کہہ دیا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت عرصہ سے کہتے چلے آرہے ہیں کہ جرم ثابت ہونے پر آپ بے شک گرفتار کریں، مگر وزیراعظم ہاؤس یا بنی گالا سے عمران خان کو نہیں بلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا، ہم بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور نہ ہی پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو یہ اجازت دیں گے، سندھ میں جتنی بھی ٹیسٹنگ ہو رہی ہے اس میں مثبت مریضوں کی شرح بہت کم ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 875924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش